جموں و کشمیر پولیس زون جموں نے بلیدان استمبھ پر تقریب منعقد کی
جموں، 21 اکتوبر (ہ س)۔ پولیس یادگاری دن کے موقع پر زونل انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) جموں بھیم سین توتی کی قیادت میں ایک پُروقار تقریب بلیدان استمبھ یادگار، ریلوے اسٹیشن جموں کے نزدیک منعقد ہوئی، جس میں پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر یادگار پر گلہائے عقیدت نذر کئے گئے اور خاموشی اختیار کر کے اُن جانبازوں کی قربانیوں کو یاد کیا گیا جنہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔ آئی جی پی بھیم سین توتی نے جموں و کشمیر پولیس کے بہادر اہلکاروں کی جرات، فرض شناسی اور ایثار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء نے عوام کے تحفظ اور خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے جو خدمات انجام دیں، وہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
توتی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر پولیس اپنے شہداء کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی سلامتی، قانون کی بالادستی اور امن کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر