نئی دہلی، 21 اکتوبر(ہس)۔ عام آدمی پارٹی (آپ) دہلی کے ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو لے کر دہلی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے بعد مصنوعی بارش کرانے کا حکومت کا وعدہ کھوکھلا ثابت ہوا ہے۔
منگل کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں، بھاردواج نے کہا کہ حکومت نے دیوالی کے بعد مصنوعی بارش کر کے آلودگی پر قابو پانے کا دعویٰ کیا، لیکن آج تک بارش نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر حکومت کے پاس یہ ٹیکنالوجی اور منصوبہ ہے تو اس پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ انہوں نے کہا کہ آلودگی کی وجہ سے دہلی میں لوگوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، بچے اور بوڑھے بیمار پڑ رہے ہیں، اس کے باوجود حکومت نے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا ہے۔
بھاردواج نے الزام لگایا کہ حکومت کی لاپرواہی ظاہر کرتی ہے کہ اسے صحت عامہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا حکومت چاہتی ہے کہ لوگ بیمار ہوں تاکہ پرائیویٹ ہسپتالوں کو فائدہ ہو؟ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ اب صرف وعدے نہیں بلکہ ٹھوس نتائج کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو سیاست کو ایک طرف رکھ کر آلودگی کے مسئلہ پر مل کر کام کرنا چاہئے کیونکہ یہ صرف سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ صحت اور زندگی کا مسئلہ ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی