نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ پولس نے پیر کی رات آوٹر نارتھ ضلع کے شاہ آباد ڈیری کے علاقے میں ایک نوجوان کے قتل کا معاملہ صرف ایک گھنٹے میں حل کرلیا۔ تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک فرار ہے۔ پولیس اس کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔
آوٹر نارتھ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ہریشور سوامی نے منگل کے روز بتایا کہ کل رات تقریباً 12:22 بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ شاہ آباد ڈیری کے علاقے میں ایک نوجوان کو چاقو مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو انہوں نے نوجوان کو گھر نمبر ای-372 کے باہر گلی میں خون میں لت پت پڑا پایا۔ اس کے سینے کے دائیں جانب چاقو کا زخم تھا۔
مرنے والے کی شناخت دلیپ کے نام سے ہوئی ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ دلیپ کے بھائی دیپک اور سندیپ کا پٹاخے پھوڑنے کے دوران کچھ مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھگڑا ہوا۔ اس جھگڑے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد ملزم نے دلیپ اور اس کے بھائیوں پر حملہ کر دیا۔
اس حملے میں دلیپ کو چاقو مارا گیا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دیپک کی شکایت پر پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے مطابق پولیس ٹیم نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور تکنیکی نگرانی کی بنیاد پر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ چھاپوں کے سلسلے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت دھیرج (24)، آکاش عرف بابا (24) اور ترون (22) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھا ملزم اجے عرف علی مفرور ہے۔ اس کی تلاش کے لیے کئی مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی