اے ایم یو میں دو روزہ اسٹیج کرافٹ ورکشاپ میں طلبہ کو تھیٹر کی تربیت دی گئی
اے ایم یو میں دو روزہ اسٹیج کرافٹ ورکشاپ میں طلبہ کو تھیٹر کی تربیت دی گئی علی گڑھ، 11 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹس سینٹر (این آر ایس سی) کلب میں دو روزہ ورکشاپ بعنوان ’اسٹیج کرافٹ : اداکاری کی بنیادی باتیں‘ کا انعق
اے ایم یو میں دو روزہ اسٹیج کرافٹ ورکشاپ میں طلبہ کو تھیٹر کی تربیت دی گئی


اے ایم یو میں دو روزہ اسٹیج کرافٹ ورکشاپ میں طلبہ کو تھیٹر کی تربیت دی گئی

علی گڑھ، 11 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹس سینٹر (این آر ایس سی) کلب میں دو روزہ ورکشاپ بعنوان ’اسٹیج کرافٹ : اداکاری کی بنیادی باتیں‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کو تھیٹر کی بنیادی مہارتوں سے روشناس کرایا گیا۔ یہ تربیتی سیشن کارکردگی پر مبنی سرگرمیوں اور باہمی تعامل پر مشتمل تھا۔ ورکشاپ میں جسمانی حرکات و سکنات (باڈی لینگویج)، آواز میں اتار چڑھاؤ (وائس ماڈیولیشن)، فوری اداکاری (امپرووائزیشن) اور اسٹیج پر اظہار جیسے اہم موضوعات پر توجہ دی گئی، جس میں نظریاتی اور عملی دونوں پہلوؤں کا امتزاج تھا۔

تقریب کی مہمان خصوصی، شعبہ انگریزی کی پروفیسر وبھا شرما (ممبر انچارج، دفتر رابطہ عامہ) نے تھیٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اداکاری انسان میں ہمدردی، تخلیقی صلاحیت اور ابلاغ کی مہارتوں کو پروان چڑھاتی ہے۔ 2025 کے نیشنل ٹیچرز ایوارڈ سے سرفراز پروفیسر شرما نے کہا کہ یہ ورکشاپ خاص طور پر نئے اداکاروں اور شوقیہ فنکاروں کے لیے ایک مؤثر اور بے حد مفید پلیٹ فارم ہے۔

مہمان اعزازی، ہدایت کار اور تھیٹر فنکار مزمل حیات بھوانی نے اسٹیج اور فلمی اداکاری کے فرق پر روشنی ڈالی۔ مزمل بھوانی، حیدر، بجرنگی بھائی جان، پدماوت اور جولی ایل ایل بی 2 جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔ انھوں نے اپنے خطاب میں اظہار پر قابو، مقام کے ادراک اور جذباتی صداقت کو ایک اداکار کی کارکردگی کے اہم اجزاء قرار دیا۔

پروفیسر ایف ایس شیرانی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور جدید اداکاری کے طریقوں جیسے اسٹینسلاوسکی کی تکنیک، آواز کے زیر و بم اور اسٹیج کی اخلاقیات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ ڈاکٹر ایم اے بلال حسین (قائم مقام پرووسٹ) اور ڈاکٹر عمار ابن انور (صدر، این آر ایس سی کلب) کی نگرانی میں یہ پروگرام منعقد ہوا۔ ڈاکٹر عمار نے کہا کہ اے ایم یو، اپنے طلبہ کو ماہرین کی زیر نگرانی ورکشاپ اور ثقافتی تربیتی پروگراموں کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو دریافت کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

ورکشاپ میں پچاس سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ آخر میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ منتظمین میں ڈاکٹر محمد مشفق (ڈراما سکریٹری)، مسٹر طالب علی خان (کلب سکریٹری) اور ڈاکٹر عبداللہ (کنوینر) شامل تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande