حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی پر ہر سال 10 ہزار کروڑ کا خرچ: بھٹی وکرمارکاحیدرآباد،11 اکتوبر (ہ س)۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کی پابند ہے اور شہر کو عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ بھٹی وکرمارکا نے ریئل اسٹیٹ کے تیزی سے فروغ کا ذکر کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے اطراف رئیل اسٹیٹ کی ترقی سے اراضیات کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں حکومت کی جانب سے آکشن کے ذریعہ فروخت کی گئی اراضی 177 کروڑ فی ایکر کے حساب سے فروخت کی گئی۔ بھٹی وکرمارکا ہائی ٹیکس میں نیشنل ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے 15 ویں کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ نائب وزیر اعلی نے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پروجیکٹ کے سلسلہ میں متوسط اور لوور میڈل کلاس خاندانوں کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مستقبل قریب میں صرف الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی تاکہ آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی اور ریاست میں تلنگانہ کی طرح بہتر رہائشی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریئل اسٹیٹ کمپنیوں کا حیدرآباد میں استقبال کرتے ہیں۔ نائب وزیر اعلی نے تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کے اقدامات میں ریئل اسٹیٹ کمپنیوں کی شمولیت پر زور دیا۔ حیدرآباد کو عالمی طرز کی انفراسٹرکچر سہولتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ شہر کے اطراف مختلف علاقوں کو ترقی دی جارہی ہے اور بڑ ے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری ترقی اور خاص طور پر حیدرآباد کی ترقی کیلئے ہر سال 10 ہزار کروڑ مختص کئے جارہے ہیں۔گزشتہ دو برسوں میں حیدرآباد میں 20,000 کروڑ مالیت کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اور یہ پروجیکٹ ترقی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 39 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کو منظوری دی گئی ہے جس پر 11927 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لئے 13704 کروڑ کی تجاویز ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سیوریج اور پینے کے پانی کی سپلائی پر 25631 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اراضیات کے حالیہ آکشن میں فی ایکر 177 کروڑ اراضی فروخت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہراج میں 25 بلڈرس نے شرکت کی اور اراضی کے لئے فی ایکر 150 کروڑ کی بولی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیراڈائز جنکشن تا نیشنل ہائی وے 1487 کروڑ کے سرمایہ سے ایلیویٹیڈ کوریڈار تعمیر کیا جائے گا۔وزیراعلٰی ریونت ریڈی نے ڈیفنس کی اراضی کے لئے وزیر دفاع سے نمائندگی کی گئی۔ شاہ میر پیٹ میں سڑک کی توسیع کے کاموں پر 3619 کروڑ کے اخراجات کا منصوبہ ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق