انجن کمار یادو سے میناکشی نٹراجن اور ریاستی وزراء کی ملاقات
حیدرآباد،11 اکتوبر۔(ہ س)۔جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں پارٹی ٹکٹ سے محرومی کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے ناراضگی کااظہار کیا ۔ پارٹی کے سینئر قائدکی ناراضگی دور کرنے کیلئے اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے ریاستی وزراء پو
انجن کمار یادو سے میناکشی نٹراجن اور ریاستی وزراء کی ملاقات


حیدرآباد،11 اکتوبر۔(ہ س)۔جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں پارٹی ٹکٹ سے محرومی کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو نے ناراضگی کااظہار کیا ۔ پارٹی کے سینئر قائدکی ناراضگی دور کرنے کیلئے اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے ریاستی وزراء پونم پربھاکر،جی ویویک وینکٹ سوامی اور سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھن کے ہمراہ انجن کمار یادو سے ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی امیدوار کے انتخاب کے سلسلہ میں ترجیحات سے واقف کرایا اور کہا کہ ضمنی چناؤ میں پارٹی کی کامیابی کیلئے مقامی قائد کو ہائی کمان نے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انجن کمار یادو کی قیامگاہ پہنچ کر میناکشی نٹراجن نے ان کی پارٹی کیلئے دیرینہ خدمات کی ستائش کی اور پارٹی مفاد میں ناراضگی ختم کرنے کا مشورہ دیا۔ اعلیٰ قائدین کی ملاقات سے انجن کمار یادو مطمئن نظر آئے اور انہوں نے جوبلی ہلز میں پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کا تیقن دیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انجن کمار یادو نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے وقت جبکہ پارٹی مشکلات سے گزررہی ہے ، ایسے میں مجھے نظر انداز کئے جانے کا دکھ تھا۔ پارٹی میں میں دوسروں سے سینئر ہوں ، لہذا میں نے ٹکٹ کی دعویداری پیش کی تھی۔ دو مرتبہ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انجن کمار بتایا کہ انہوں نے میناکشی نٹراجن کو اپنے دکھی جذبات سے واقف کرایا۔ انجن کمار یادو پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا تیقن دیا ۔ قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی ٹکٹ کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو وہ بے نقاب کریں گے ۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے جوبلی ہلز کے امیدوار کا فیصلہ کیا ہے۔ انجن کمار یادو نے جوبلی ہلز میں پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنے سے اتفاق کیا۔ کووڈ کے دور میں انجن کمار نے شہر میں عوام کی غیر معمولی مدد کی تھی۔ملاقات کے موقع پر انجن کمار یادو کے فرزند رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande