صوبائی کمشنر جموں نے ڈینگی کے بڑھتے خطرات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا
صوبائی کمشنر جموں نے ڈینگی کے بڑھتے خطرات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا جموں، 11 اکتوبر (ہ س)۔ صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جموں صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور اسپ
Div com


صوبائی کمشنر جموں نے ڈینگی کے بڑھتے خطرات سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں، 11 اکتوبر (ہ س)۔ صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جموں صوبے میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور اسپتالوں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ادھمپور، جموں، سانبہ اور کٹھوعہ کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، جوائنٹ کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن، ملیریالوجسٹ اور دیگر متعلقہ طبی ماہرین شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران صوبائی کمشنر کو ڈینگی کے کیسز میں سال بہ سال اضافے اور حساس علاقوں کے حوالے سے تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر ضلعی سطح پر کی گئی تیاریوں، احتیاطی و انسدادی اقدامات، اسپتالوں میں عملے اور طبی آلات کی دستیابی پر غور و خوض کیا گیا۔ رمیش کمار نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ صحت، اربن لوکل باڈیز، بی ڈی اوز اور ضلعی ملیریا افسران کے اشتراک سے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کریں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے عوامی بیداری کے لیے معلوماتی و تشہیری مہمات کو مزید تیز کرنے اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کو عام کرنے کی تاکید کی۔ صوبائی کمشنر نے محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایت دی کہ ڈینگی کے تمام کیسز کا تازہ ترین ڈیٹا بروقت میونسپل حکام کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ انسدادِ ڈینگی اقدامات میں تاخیر نہ ہو۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں نے صوبائی کمشنر کو اسپتالوں کی تیاریوں اور ڈینگی مریضوں کے علاج و دیکھ بھال سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا، جبکہ متعلقہ محکموں کو ہر سطح پر الرٹ رہنے اور قریبی تالابوں، نالیوں اور گندے پانی کے مراکز میں صفائی مہم تیز کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande