
نئی دہلی، 7 ستمبر(ہ س)۔ دہلی کی راوز ایونیو عدالت نے ریلوے ٹینڈر گھوٹالہ کے منی لانڈرنگ معاملہ میں ملزموں کے خلاف الزامات طے کرنے کے فیصلے کو ایک بار پھر موخر کر دیا۔ اس سے قبل عدالت نے 29 اگست، 14 اگست، 31 جولائی، 16 جولائی، 9 جون، 22 مئی اور 6 مئی کو فیصلہ موخر کیا تھا۔ کیس کا فیصلہ اب 10 ستمبر کو ہوگا۔
عدالت نے 13 فروری کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ 28 جنوری 2019 کو عدالت نے ای ڈی کے ذریعے درج مقدمے میں لالو یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو کو باقاعدہ ضمانت بھی دے دی تھی۔ عدالت نے انہیں ایک لاکھ روپے کے ذاتی بانڈ پر ضمانت دے دی تھی۔ 19 جنوری 2019 کو عدالت نے سی بی آئی کے ذریعے درج مقدمے میں لالو یادو کو باقاعدہ ضمانت دے دی۔ عدالت نے 13 اکتوبر 2025 کو ریلوے ٹینڈر گھوٹالہ کے سی بی آئی سے منسلک معاملہ میں لالو یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو سمیت دیگر کے خلاف الزامات طے کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے 17 ستمبر 2018 کو ای ڈی چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔ اس کیس میں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی اور 16 دیگر ملزم ہیں۔ ای ڈی کی طرف سے نامزد ملزموں میں لالو پرساد، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو، میسرز لارا پروجیکٹس ایل ایل پی، سرلا گپتا، پریم چند گپتا، گورو گپتا، ناتھ مل ککرانیہ، راہل یادو، وجے ترپاٹھی، دیویکی نندن تلسیان، میسرز سجاتا ہوٹلز، ونے کوچر، وجے کوچر، راجیو کمار ریلان اور میسرز ابھیشیک فنانس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
لالو پر الزام ہے کہ جب وہ وزیر ریلوے تھے تو انہوں نے دو ریلوے ہوٹلوں کو آئی آر سی ٹی سی کو منتقل کیا اور ہوٹلوں کی دیکھ بھال کے لیے ٹینڈر جاری کیے۔ رانچی اور پوری میں دو ہوٹلوں کی الاٹمنٹ کوچربرادران کی ملکیت والی کمپنی سجاتا ہوٹلوں کو منتقل کر دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی