
نئی دہلی، 30 ستمبر (ہ س)۔ بھارت کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی آئی سی سی مردوں کی ون ڈے بلے بازی رینکنگ میں سرفہرست موجود بھارتی کپتان شبھمن گِل کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ترواننت پورم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں دونوں بھارتی بلے بازوں نے سنچریاں بنائیں، لیکن کوہلی کی ناقابلِ شکست 139 رنز کی اننگز نے انہیں رینکنگ میں دوسرے مقام پر پہنچا دیا۔
کوہلی نے صرف 88 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 139 رنز بنائے اور بھارت نے 296 رنز کا ہدف 50 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔ یہ کوہلی کی ریکارڈ 55ویں ون ڈے سنچری تھی۔ اس اننگز کے ساتھ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 15 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔
کوہلی کو اس شاندار کارکردگی کا فائدہ رینکنگ میں بھی ملا۔ انہوں نے ڈیرل مچل کو پیچھے چھوڑ کر دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ان کی ریٹنگ 767 سے بڑھ کر 796 ہوگئی ہے اور اب وہ سرفہرست شبھمن گِل سے صرف 20 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ گِل نے 110 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد اپنی ریٹنگ 801 سے بڑھا کر 816 کر لی ہے۔ کوہلی کی موجودہ ریٹنگ جولائی 2022 کے بعد ان کی بہترین ریٹنگ ہے۔
کوہلی رواں سال جنوری میں تین دن کے لیے رینکنگ میں تیسرے مقام پر رہے تھے۔ وہ مجموعی طور پر 1,547 دن ون ڈے رینکنگ میں نمبر ایک مقام پر رہ چکے ہیں۔
انگلینڈ کے اوپنر ٹام بینٹن کو سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں 126 رنز کی اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ وہ 333 درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر 83ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے کوشل مینڈس 198 رنز کے ساتھ اپنے کیریئر کی بہترین ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ بین ڈکٹ چار درجے اوپر چڑھ کر 15ویں مقام پر آگئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے میتھیو بریٹزکے 136 رنز بنانے کے بعد 19 درجے کی چھلانگ لگا کر 21ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ڈیوڈ ملر 151 رنز بنانے کے بعد دوبارہ رینکنگ میں شامل ہوئے اور 41ویں مقام پر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما 10 درجے اوپر چڑھ کر 32ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
گیندبازی رینکنگ میں کلدیپ پانچویں مقام پر
آئی سی سی مردوں کی ون ڈے گیندبازی رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر کیشو مہاراج تین درجے کی چھلانگ لگا کر تیسرے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف دو میچوں میں چھ وکٹیں لینے کا انہیں فائدہ ملا ہے۔
بھارت کے کُل دیپ یادو بھی چار درجے اوپر چڑھ کر پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں انہوں نے 40 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ بھی ٹاپ 10 میں واپس آگئے ہیں۔ ان کے علاوہ ناتھن ایلس 15ویں، ویسٹ انڈیز کے جیدن سیلز 22ویں، سری لنکا کے دونتھ ویلالاگے 26ویں اور بھارت کے ایم. پرسدھ کرشنا 42ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی