
نئی دہلی، 28 ستمبر (ہ س)۔ عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافے، مغربی ایشیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات ناکام ہونے کے بعد بڑھتی کشیدگی اور غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت کے باعث پیر کو گھریلو شیئر بازار میں زبردست گراوٹ دیکھی گئی۔ سینسیکس ایک وقت میں 1,179 پوائنٹس تک گر گیا، جبکہ نفٹی بھی 378 پوائنٹس تک پھسل گیا۔ شدید فروخت کے باعث بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً 8.77 لاکھ کروڑ روپے کی کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر سینسیکس 1,124.02 پوائنٹس یعنی 1.52 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ 72,771.72 پوائنٹس پر بند ہوا۔ نفٹی بھی 360.25 پوائنٹس یعنی 1.56 فیصد کی کمی کے ساتھ 22,780.25 پوائنٹس پر رہا۔
سینسیکس نے دن کا آغاز 160.91 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 73,734.83 پوائنٹس پر کیا۔ کاروبار کے دوران فروخت کا دباؤ بڑھنے پر یہ 1,179.51 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 72,716.23 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ تاہم آخری نصف گھنٹے میں معمولی خریداری کے سبب نچلی سطح سے کچھ بہتری آئی۔اسی طرح نفٹی 75.60 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 23,064.90 پوائنٹس پر کھلا۔ بعد میں یہ 378.30 پوائنٹس گر کر 22,762.20 پوائنٹس تک پہنچ گیا، تاہم اختتامی مرحلے میں معمولی خریداری کے باعث کچھ سنبھلا۔پبلک سیکٹر بینکوں میں شدید فروخت کے باعث نفٹی بینک انڈیکس 1.99 فیصد گر گیا۔ کیپٹل گڈز انڈیکس 2 فیصد، پی ایس یو انٹرپرائزز 1.91 فیصد، آئل اینڈ گیس 1.77 فیصد، میٹل 1.65 فیصد، آٹو موبائل 1.64 فیصد اور ایف ایم سی جی انڈیکس 1.53 فیصد نیچے بند ہوئے۔ مڈ کیپ انڈیکس میں 1.63 فیصد اور اسمال کیپ انڈیکس میں 1.85 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔
بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ کیپٹلائزیشن جمعہ کو 483.25 لاکھ کروڑ روپے تھی، جو پیر کے کاروبار کے بعد کم ہو کر 474.48 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) رہ گئی۔ اس طرح سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً 8.77 لاکھ کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔
بی ایس ای پر 4,717 شیئرز میں کاروبار ہوا، جن میں 1,359 میں اضافہ اور 3,106 میں گراوٹ رہی۔ سینسیکس کے 30 میں سے صرف ایک اور نفٹی کے 50 میں سے صرف دوشیئرز مثبت بند ہوئے۔
بڑے شیئرز میں ڈاکٹر ریڈی لیبارٹریز 1.67 فیصد اور انفوسس 0.30 فیصد کی تیزی کے ساتھ بند ہوئے۔ دوسری جانب ٹی ایم پی وی، اڈانی انٹرپرائزز، جیو فنانشل، لارسن اینڈ ٹوبرو اور اڈانی پورٹس نمایاں خسارے والے حصص میں شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan