
ریٹائرمنٹ کے لیے مطلوبہ فنڈ کا بھارتیوں کا اندازہ اب بھی کم ، این پی ایس ترجیحی اشاریہ 2026 میں آگاہی اور قبولیت میں اضافہ
ممبئی، 28 ستمبر (ہ س)۔ ایچ ڈی ایف سی پنشن فنڈ مینجمنٹ لمیٹڈ نے این پی ایس ترجیحی اشاریہ مطالعہ 2026 جاری کیا ہے، جس میں بھارتی شہریوں کے ریٹائرمنٹ پلاننگ سے متعلق رویے، ترجیحات اور نیشنل پنشن سسٹم کو ریٹائرمنٹ کے ذریعہ کے طور پر دی جانے والی ترجیح کا جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ 2023 کے بعد کمپنی کا دوسرا تحقیقی مطالعہ ہے۔ رپورٹ کی رونمائی پنشن فنڈ ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ایس رمن اور ایچ ڈی ایف سی پنشن فنڈ کے ایم ڈی اور سی ای او شری رام آئر نے کی۔
مطالعے کے مطابق این پی ایس ترجیحی اشاریہ 2023 کے 54 سے بڑھ کر 2026 میں 57 پوائنٹس ہوگیا ہے۔ قبولیت 6 پوائنٹس بڑھ کر 59، واقفیت 3 پوائنٹس بڑھ کر 58 اور کشش 2 پوائنٹس بڑھ کر 56 ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی بچت کنندگان این پی ایس کے بارے میں محض ابتدائی آگاہی کے مرحلے سے آگے بڑھ کر اب اس منصوبے کا فعال طور پر جائزہ لے رہے ہیں۔
علاقائی سطح پر شمالی بھارت نے 60 پوائنٹس کے ساتھ سب سے زیادہ اسکور حاصل کیا، جس کی بڑی وجہ قبولیت میں اضافہ رہا۔ مشرقی بھارت 58 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر رہا، جبکہ جنوبی بھارت کا اسکور 57 اور مغربی بھارت کا 54 رہا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد درکار مثالی فنڈ کے بارے میں بھارتیوں کا اندازہ 2023 کے 1.34 کروڑ روپے سے بڑھ کر 1.5 کروڑ روپے ہوگیا ہے، تاہم یہ رقم اوسط سالانہ خاندانی آمدنی کے 10 گنا سے بھی کم ہے۔ مطلوبہ رقم اور حقیقی اخراجات کے درمیان فرق برقرار ہے۔
ریٹائرمنٹ پلاننگ اہم مالی ترجیحات میں ہے، جبکہ طبی اخراجات 45 فیصد، ہنگامی حالات کے لیے فنڈ 39 فیصد اور بچوں کی تعلیم 35 فیصد ترجیحات رہیں۔ ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑی تشویش میں بڑھتے ہوئے صحت کے اخراجات 47 فیصد اور عمر سے متعلق صحت کے مسائل 44 فیصد شامل ہیں۔ سروے میں 69 فیصد افراد نے ریٹائرمنٹ کے بعد خاندان یا بچوں سے کچھ مالی مدد کی توقع ظاہر کی۔ ایچ ڈی ایف سی پنشن کے ایم ڈی اور سی ای او شری رام آئر نے کہا کہ اشاریہ میں اضافہ درست سمت کی علامت ہے، تاہم این پی ایس کے فوائد کے بارے میں مزید آگاہی اور قبولیت کو حقیقی اندراج میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق این پی ایس میں حالیہ تبدیلیاں 39 فیصد کے ساتھ اندراج کی سب سے بڑی وجہ رہیں، اس کے بعد ٹیکس بچت 38 فیصد اور منافع 36 فیصد رہا۔ 60 سال کے بعد ٹیکس فری رقم نکالنے کی سہولت 59 فیصد اور حکومت کے زیر انتظام محفوظ ذریعہ ہونے کی حیثیت 52 فیصد افراد کے لیے اہم کشش رہی۔ لاک ان مدت 26 فیصد اور لازمی سالانہ پنشن خریدنے کی شرط 25 فیصد اہم رکاوٹیں رہیں، جبکہ 2023 میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھی جانے والی معلومات کی کمی اب پانچویں مقام پر آگئی ہے۔
این پی ایس واتسلیہ کے بارے میں والدین میں 28 فیصد آگاہی پائی گئی، جن میں 27 فیصد نے اس کی خصوصیات سے مکمل واقفیت بتائی۔ بچوں کے لیے اندراج کی اہم وجوہات میں ٹیکس بچت کے فوائد 44 فیصد اور طویل مدتی بچت کی پابندی 41 فیصد شامل ہیں۔ یہ مطالعہ ایپسوس کے تعاون سے 13 شہروں میں 30 سے 55 سال کے این پی ایس سے واقف 1812 صارفین کے انٹرویوز پر مبنی ہے اور واقفیت، کشش اور قبولیت کو بنیادی ستونوں کے طور پر جانچتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے