
نئی دہلی، 28 ستمبر(ہ س)۔ انکم ٹیکس محکمہ نے کمپنیوں کو راحت دیتے ہوئے ٹیکس آڈٹ رپورٹ اور انکم ٹیکس ریٹرن (آئی ٹی آر) داخل کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔
انکم ٹیکس محکمہ نے پیر کو ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں بتایا کہ کمپنیوں کے لیے اسیسمنٹ ایئر 2026-27 کا آئی ٹی آر داخل کرنے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر سے بڑھا کر اب 21 نومبر 2026 کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیکس آڈٹ رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ بھی 30 ستمبر سے بڑھا کر 21 اکتوبر 2026 کر دی گئی ہے۔
مرکزی بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکسز (سی بی ڈی ٹی) نے بتایا کہ انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کی دفعہ 139 کی ذیلی دفعہ (1) کی وضاحت 2 کے تحت دی گئی جدول میں درج نمبر 2 کے زمرے میں آنے والے افراد اور اداروں کے لیے اسیسمنٹ ایئر 2026-27 کا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر 21 نومبر 2026 کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ایسے ٹیکس دہندگان کے لیے اسیسمنٹ ایئر 2026-27 سے متعلق انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کی دفعات کے تحت آڈٹ رپورٹ جمع کرانے کی مقررہ تاریخ بھی بڑھا کر 21 اکتوبر 2026 کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس توسیع میں دو الگ تاریخوں اور دو الگ کاموں کو سمجھنا ضروری ہے۔ 21 اکتوبر تک ٹیکس آڈٹ رپورٹ جمع کرانی ہوگی، جبکہ 21 نومبر تک آئی ٹی آر داخل کرنا ہوگا۔ یہ دونوں الگ الگ کارروائیاں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan