ورلڈ کپ فائنل میں میچ جتاو اننگز کھیلنا میرا خواب ہے: وراٹ کوہلی
نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س)۔ ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے کامیاب تعاقب کے دوران کئی یادگار اننگز کھیلنے والے ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی نظر اب اپنے کریئر کو ایک شاندار مقام پر پہنچانے پر ہے۔ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کا خواب 2027 کے آئی سی سی مین
وراٹ کوہلی کی تصویر آئی سی سی


نئی دہلی، 27 ستمبر (ہ س)۔

ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے کامیاب تعاقب کے دوران کئی یادگار اننگز کھیلنے والے ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کی نظر اب اپنے کریئر کو ایک شاندار مقام پر پہنچانے پر ہے۔ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کا خواب 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میں ہندوستان کو بلے سے جیت دلانے کا ہے۔ جیو اسٹار سے بات چیت میں کوہلی نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لیے زیادہ سے زیادہ میچ جیتنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ ایسا کھلاڑی رہا ہوں جو ہر میچ میں ٹیم کو جیت دلانے والا کھلاڑی بننا چاہتا ہے۔ میں ایسا ہی بنا ہوں، یہ جذبہ مجھ سے کبھی جدا نہیں ہوگا۔

قدآور بلے باز نے کہا کہ اگر میں 70-60 فیصد میچوں میں ٹیم کو جیت دلا پاوں تو یہ شاندار ہوگا۔ میرا خواب ہے کہ فائنل میں میچ جتاو اننگز کھیلوں اور میچ کو اختتام تک پہنچاوں۔

وراٹ کوہلی نے کہا کہ ان کے لیے ذاتی کارکردگی سے بڑا ہدف ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ ٹرافی جیتنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا ہے تو بہت اچھا اور اگر ایسا نہیں ہوتا لیکن ہم ورلڈ کپ جیت جاتے ہیں تو بھی میں اتنا ہی خوش رہوں گا۔

37 سالہ کوہلی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 765 رن بنائے تھے۔ اگرچہ ہندوستانی ٹیم گھریلو میدان پر فائنل میں آسٹریلیا سے ہار کر رنر اپ رہی تھی۔ موجودہ وقت میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی ون ڈے ٹیم کا حصہ کوہلی نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ 2027 کا مینز کرکٹ ورلڈ کپ ہندوستان کے لیے ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔

کوہلی نے کہا کہ یہ آخری بار ہوگا جب ہم ورلڈ کپ کھیل رہے ہوں گے، اس لیے ٹرافی جیتنا سب سے اہم چیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے ایسا کرنے کا موقع ملتا ہے تو ایک بلے باز کی حیثیت سے کریز پر کھڑے ہو کر اس سے زیادہ اطمینان بخش کچھ نہیں ہو سکتا۔ آپ خود کو ایسی پوزیشن میں دیکھتے ہیں جہاں آپ ٹیم کو مشکل سے نکال رہے ہوں۔ یہی بات ہمیں متحرک کرتی ہے کہ وہ کھلاڑی بنیں جو پر اثر ثابت ہو۔ جب حالات مشکل ہوں تو آپ خود کو ٹیم کو مشکل سے نکالتے ہوئے دیکھتے ہیں۔ یہی چیز آپ کو مقابلے کے لیے تیار رکھتی ہے، اس لیے میں اس مسابقتی جذبے کو کھونا نہیں چاہتا۔ ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے کوہلی اب صرف ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ کوہلی کے نام اب 85 بین الاقوامی سنچریاں ہیں۔ ان میں سے ون ڈے میں ان کے نام 54 سنچریاں درج ہیں۔ ان کے ون ڈے کے 314 میچوں میں 14,941 رن ہیں۔ وہ 15 ہزار ون ڈے رن سے محض 59 رن دور ہیں۔ فی الحال وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande