
گنٹور، 26 ستمبر (ہ س)۔ آندھرا پردیش کے گنٹور شہر میں ریلوے پھاٹک نمبر تین کو ہٹانے اور ٹریفک کو ہموار بنانے کے لیے گنٹور اور نمبور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان 108 کروڑ روپے کی لاگت سے چار لین والے روڈ اوور برج (آر او بی) کا ہفتہ کو سنگ بنیاد رکھا گیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے و جل شکتی وی سومنا اور وزیر مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلات پیمّاسانی چندر شیکھر نے اس منصوبے کی بنیاد رکھی۔ ریلوے کے مطابق 668 میٹر طویل اس آر او بی کی مکمل لاگت وزارت ریلوے برداشت کرے گی۔
یہ پل گنٹور-نمبور ریلوے سیکشن کے گنٹور-کرشنا کینال سیکشن میں واقع لیول کراسنگ پھاٹک نمبر تین کی جگہ لے گا۔ گنٹور شہر کی اندرونی رنگ روڈ کے قریب تعمیر ہونے والا یہ پل بس اسٹینڈ روڈ کو گورنتلا گاو¿ں سے براہ راست جوڑے گا۔ منصوبے کے لیے 2.9 ایکڑ زمین درکار ہوگی اور تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی امید ہے۔
سومنا نے کہا کہ بھارتی ریلوے میں مسافروں کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور لیول کراسنگ پھاٹکوں کو آر او بی اور آر یو بی سے تبدیل کرنا محفوظ اور جدید ریلوے بنیادی ڈھانچے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے گاڑیوں کے پھاٹک پر رکنے کا وقت کم ہوگا، ایندھن کی بچت ہوگی اور ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں ریلوے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کا کام تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 74 ریلوے اسٹیشنوں کو بھی تقریباً 3,500 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیات کے ساتھ ترقی دی جا رہی ہے۔
پیمّاسانی چندر شیکھر نے کہا کہ مرکزی حکومت آندھرا پردیش میں ٹرانسپورٹ بنیادی ڈھانچے کی تیزی سے توسیع کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کے محکموں کے درمیان بہتر تال میل سے گنٹور خطے میں سڑک اور ریلوے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس سے طویل عرصے سے درپیش ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد