


ارریہ، 25 ستمبر (ہ س)۔
ضلع کے پھلکاہا تھانہ علاقے کے مانک پور گاوں میں جمعہ کے روز تیز بارش کے بعد برساتی نالے کی آبی سطح اچانک بڑھنے سے دو شادی شدہ خواتین کی ڈوبنے سے موت ہو گئی۔ حادثہ پھلکاہا تھانہ علاقے کی مانک پور پنچایت کے وارڈ نمبر 13 میں پیش آیا۔ دونوں خواتین مویشیوں کے لیے چارہ لینے کھیت گئی تھیں اور واپسی کے دوران نالہ پار کرتے وقت گہرے پانی میں چلی گئیں۔ واقعے کے بعد گاوں میں کہرام مچ گیا ہے۔ متوفیات کی شناخت مانک پور پنچایت ساکن اڑہل دیوی زوجہ ارون یادو اور ارچنا دیوی زوجہ کندن یادو کے طور پر ہوئی ہے۔
گاوں والوں کے مطابق، دونوں خواتین کچھ دیگر خواتین کے ساتھ کھیت میں مویشیوں کے لیے چارہ لینے گئی تھیں۔ واپسی کے دوران بلواہی دھار میں اچانک پانی بڑھ گیا۔ تیز بہاو اور زیادہ گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے سبب دونوں خواتین گہرے پانی میں چلی گئیں اور ڈوبنے لگیں۔ ساتھ موجود خواتین نے شور مچا کر گاوں والوں کو بلایا۔ گاوں والے موقع پر پہنچے اور کافی مشقت کے بعد دونوں کو پانی سے باہر نکالا۔ ایک خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ دوسری کو علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔ ڈاکٹر نے اسے بھی مردہ قرار دے دیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پھلکاہا تھانہ انچارج وکاس کمار موریہ پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے دونوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ واقعے کے بعد متوفیات کے اہل خانہ میں کہرام مچا ہوا ہے۔
گاوں والوں نے بتایا کہ بارش اور سیلاب کے دوران بلواہی دھار کی آبی سطح اچانک بڑھ جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے یہاں ہر سال حادثے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ دھار پر پل کی تعمیر کا مطالبہ کئی برسوں سے کیا جا رہا ہے، لیکن اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔ گاوں والوں کے مطابق، پل نہیں ہونے کے سبب لوگوں کو مجبوری میں جان خطرے میں ڈال کر دھار پار کرنی پڑتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن