
بھاگلپور، 25 ستمبر (ہ س)۔
خلیج بنگال میں بننے والے ڈیپ ڈپریشن (گہرے دباو) کے زیر اثر بھاگلپور شہر، اکبر نگر اور اس کے آس پاس کے دیہی علاقوں میں جمعرات دیر رات سے ہی موسم کا مزاج پوری طرح بدل گیا ہے۔ علاقے میں مسلسل وقفے وقفے سے جاری شدید بارش اور تیز سرد ہواوں کے چلنے سے معمولاتِ زندگی پوری طرح درہم برہم ہوگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے مطابق، اس خراب موسم سے 26 ستمبر (ہفتہ) کی دوپہر کے بعد ہی راحت ملنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ مسلسل جاری موسلا دھار بارش اور تیز ہواوں کا سب سے زیادہ اثر علاقے کی بجلی سپلائی پر پڑا ہے۔ شہر سے لے کر دور دراز کے دیہی علاقوں تک بجلی کا نظام بری طرح چرمرا گیا ہے۔ کئی مقامات پر تاروں پر درختوں کی ڈالیاں گرنے اور انسولیٹر پنکچر ہونے کی خبریں ہیں۔ احتیاط کے طور پر اور تکنیکی خرابی کی وجہ سے درجنوں فیڈرز بند پڑے ہیں، جس کی وجہ سے صارفین کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پینے کے پانی کی فراہمی بھی اس سے متاثر ہوئی ہے۔ اچانک ہونے والی اس شدید بارش کی وجہ سے جمعہ کو علی الصبح سے ہی سڑکوں پر سناٹا چھایا رہا۔ یومیہ مزدوروں، اسکول کے بچوں اور دفتر جانے والے ملازمین کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے اور خستہ حال بجلی کے کھمبوں و درختوں سے دور رہنے کی صلاح دی ہے۔ ماہرین موسمیات 26 ستمبر کی دوپہر تک صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن