
آئیچی-ناگویا، 24 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستانی نشانے باز اننت جیت سنگھ نروکا اور پریناز دھالیوال نے جمعرات کو ایشیائی کھیل 2026 میں مکسڈ ٹیم اسکیٹ مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت کر ہندوستان کے تمغوں کی تعداد 15 تک پہنچا دی۔ ایشیائی کھیلوں کی مکسڈ ٹیم اسکیٹ مقابلے میں یہ ہندوستان کا پہلا تمغہ ہے۔ ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں چھ سیریز کے بعد 44 پوائنٹس حاصل کیے۔
چین نے 52 پوائنٹس کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ جنوبی کوریا نے 51 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ چین نے جنوری میں قطر کی جانب سے قائم کیے گئے 47 پوائنٹس کے عالمی ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اننت جیت اور پریناز نے کوالیفکیشن میں 138/150 پوائنٹس حاصل کر کے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔ چین 140، جنوبی کوریا 143 اور قطر 145 پوائنٹس کے ساتھ ان سے آگے تھے۔ اس کے بعد ہندوستانی جوڑی نے فائنل میں کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اننت جیت اور پریناز دونوں اس سے قبل بھی ان ایشیائی کھیلوں میں اپنی اپنی ٹیم کے مقابلوں میں تمغے جیت چکے ہیں۔ اننت جیت نے مردوں کی اسکیٹ ٹیم کے کانسے کے تمغے میں تعاون دیا تھا، جبکہ پریناز نے رائزہ ڈھلوں اور مہیشوری چوہان کے ساتھ خواتین کی اسکیٹ ٹیم کا کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
اس تمغے کے ساتھ ہندوستان کے کھاتے میں اب سونے کا ایک ، چاندی کے چھ اور کانسے کے آٹھ یعنی مجموعی طور پر 15 تمغے ہو گئے ہیں۔ نشانہ بازی میں ہندوستان کا یہ آٹھواں تمغہ ہے، جس میں چاندی کے چار اور کانسے کے چار تمغے شامل ہیں۔
اس سے قبل مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم مقابلے میں ہندوستان تمغے سے محروم رہ گیا تھا۔ کمل جیت، کیدارلنگ بال کرشن اور آکاش بھاردواج پر مشتمل ہندوستانی ٹیم 1727-53 ایکس کے اسکور کے ساتھ چوتھے مقام پر رہی۔ چین اور انڈونیشیا نے 1743 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ جاپان 1730 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
اننت جیت سنگھ نروکا جے پور کے نشانے باز ہیں اور مردوں کی اسکیٹ اور مکسڈ ٹیم اسکیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے 2012 میں 14 سال کی عمر میں نشانہ بازی شروع کی تھی۔ ان کے اہم تمغوں میں 2022 کے ایشیائی کھیلوں میں مردوں کی اسکیٹ کا چاندی اور ٹیم مقابلے کا کانسہ، 2025 ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ میں سونے اور 2024 نئی دہلی آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ فائنل میں کانسے کا تمغہ شامل ہے۔ انہیں ٹاپس کے تحت 43,24,334 روپے اور اے سی ٹی سی کے تحت 36,17,226 روپے کی مالی مدد ملی ہے۔
پریناز دھالیوال پٹیالہ کی نشانے باز ہیں اور خواتین کی اسکیٹ، ٹیم اسکیٹ اور مکسڈ ٹیم اسکیٹ میں حصہ لیتی ہیں۔ انہوں نے 2015 میں نشانہ بازی شروع کی تھی۔ ان کے اہم بین الاقوامی تمغوں میں 2021 نئی دہلی آئی ایس ایس ایف ورلڈ کپ میں خواتین کی اسکیٹ ٹیم کا چاندی اور 2022 آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ کپ کا کانسے کا تمغہ شامل ہے۔ انہیں اے سی ٹی سی کے تحت 15,53,046 روپے کی مالی مدد ملی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد