
کاکامی گہارا، 24 ستمبر (ہ س):۔
بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم نے جمعرات کو ایشیائی کھیل 2026 میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے جنوبی کوریا کو 8-2 سے شکست دی۔ یہ ایشیائی کھیلوں کی تاریخ میں جنوبی کوریا کے خلاف بھارتی ٹیم کی اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے۔
موجودہ چیمپئن کی پول اے میں یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ بھارت نے میچ کے بیشتر حصے میں کھیل پر اپنا غلبہ برقرار رکھا اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی جانب ایک اور قدم بڑھایا۔
دلپریت سنگھ نے دو گول کیے، جس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ان کے مجموعی گول کی تعداد 9 ہوگئی ہے اور وہ فی الحال مردوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ ابھیشیک نے بھی دو گول کیے، جبکہ کپتان ہرمن پریت سنگھ، راجندر سنگھ، سکھجیت سنگھ اور شیلانند لاکڑا نے ایک ایک گول کیا۔
میچ کا آغاز گرم موسم میں ہوا، تاہم دوسرے کوارٹر کے دوران موسم بہتر ہوگیا اور ٹھنڈی ہوا چلنے لگی۔
بھارت نے چوتھے منٹ میں ابتدائی دباو¿ کا فائدہ اٹھایا۔ کوریائی سرکل میں ہوا میں آئی گیند کو اچھی طرح قابو کرتے ہوئے اسے لاکڑا کے لیے تیار کیا گیا، جنہوں نے شاندار موو کو گول میں تبدیل کرکے بھارت کو 1-0 کی برتری دلائی۔
دسویں منٹ میں سکھجیت سنگھ نے سرکل میں ایک اور عمدہ انٹری کے بعد شاندار گول کرکے برتری دگنی کردی۔ اس کے ایک منٹ بعد ہرمن پریت سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور 3-0 کردیا۔ انہوں نے گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے زبردست فلک لگائی۔
اس کے فوراً بعد ابھیشیک ایک اور گول کرنے سے معمولی فرق سے محروم رہے، لیکن بھارت کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔
میچ کے 15ویں منٹ میں من پریت کی ہوا میں کھیلی گئی گیند لاکڑا تک پہنچی، جنہوں نے گول کے سامنے ابھیشیک کو پاس دیا۔ فارورڈ کھلاڑی نے کوئی غلطی نہیں کی اور زوردار سلیپ پش کے ذریعے گول کرکے پہلے وقفے تک بھارت کو 4-0 سے آگے کردیا۔
دوسرے کوارٹر میں بھی بھارت نے دباو¿ برقرار رکھا۔ جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں نے ابھیشیک سے متعلق ایک اور عمدہ موو کو روک دیا، تاہم 26ویں منٹ میں بھارت نے اپنا پانچواں گول کر ہی لیا۔ ابھیشیک نے سرکل کے اندر من دیپ کو پاس دیا اور ان کے ریورس پش پر دلپریت نے فیصلہ کن ٹچ دیتے ہوئے ہاف ٹائم تک اسکور 5-0 کردیا۔
تیسرے کوارٹر میں بھارت نے کھیل کی رفتار مزید تیز کردی اور 32ویں منٹ میں ایک اور گول کیا۔ ہاردک کا پاس دلپریت تک پہنچا، جنہوں نے ریورس ہٹ کے ذریعے گیند کو بیک بورڈ میں پہنچا کر میچ کا اپنا دوسرا گول کیا۔
مسلسل کئی پنالٹی کارنر ملنے سے جنوبی کوریا پر کچھ دیر کے لیے مزید دباو¿ بڑھ گیا۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کو میچ کا پہلا پنالٹی کارنر ملنے پر امت روہیداس نے شاندار دفاع کرتے ہوئے حریف ٹیم کو گول کرنے سے روک دیا۔ 38ویں منٹ میں بھارت نے اپنی برتری 7-0 کردی۔ راج کمار کا شاٹ کراس بار سے ٹکرایا، جس کے بعد ابھیشیک نے اس موو کو مکمل کرتے ہوئے گول کردیا۔
آخرکار 42ویں منٹ میں جنوبی کوریا کو کامیابی ملی، جب جے ہو کم نے گول کرکے تیسرے کوارٹر کے اختتام تک اسکور 7-1 کردیا۔
آخری کوارٹر میں جنوبی کوریا نے مزید کچھ مواقع بنائے، لیکن بھارتی دفاع اور گول کیپر موہت نے انہیں گول کرنے سے روکے رکھا۔ تاہم چار مرتبہ کی فاتح ٹیم نے 52ویں منٹ میں فرق کم کرتے ہوئے اسکور 7-2 کردیا۔ یونگ بوک کم نے جرمن پریت سنگھ کی کمزور دفاعی کوشش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فیلڈ گول کیا۔
میچ ختم ہونے سے صرف 38 سیکنڈ قبل بھارت نے اپنا آٹھواں گول کردیا۔ راجندر نے آگے بڑھ کر زبردست فلک لگائی جو بیک بورڈ میں جا لگی اور بھارت نے 8-2 سے کامیابی یقینی بنا لی۔
یہ میچ بھارت کے پلے میکر وویک ساگر پرساد کے لیے بھی یادگار رہا۔ انہوں نے ملک کے لیے اپنے 200 سینئر بین الاقوامی میچ مکمل کیے۔ اس کامیابی کے اعزاز میں میچ سے قبل انہیں خصوصی طور پر سراہا گیا۔
بھارت کا اگلا مقابلہ 26 ستمبر کو میزبان جاپان سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ