ویدانتا دہلی ہاف میراتھن 2026 کی انٹرنیشنل ایونٹ ایمبیسیڈر مقرر کی گئیں دو بار کی اولمپک چیمپئن شانائے
نئی دہلی، 24 ستمبر (ہ س)۔ دو بار کی اولمپک چیمپئن شانائے ملر-اوئیبو ویدانتا دہلی ہاف میراتھن 2026 میں انٹرنیشنل ایونٹ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل ہوں گی۔ پروکیم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یہ معروف ریس 18 اکتوبر کو تاریخی جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد
Sports-Athletics-Shaunae-VDHM


نئی دہلی، 24 ستمبر (ہ س)۔ دو بار کی اولمپک چیمپئن شانائے ملر-اوئیبو ویدانتا دہلی ہاف میراتھن 2026 میں انٹرنیشنل ایونٹ ایمبیسیڈر کے طور پر شامل ہوں گی۔ پروکیم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یہ معروف ریس 18 اکتوبر کو تاریخی جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی۔

اپنی شاندار فنش اور غیر معمولی مستقل مزاجی کے لیے پہچانی جانے والی بہاماس کی یہ ایتھلیٹ اپنے دور کی کامیاب ترین ایتھلیٹ میں شامل ہیں۔ وہ دو بار اولمپک چیمپئن رہ چکی ہیں اور انہوں نے ریو 2016 اور ٹوکیو 2020 اولمپک کھیلوں میں خواتین کی 400 میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

ٹوکیو میں ان کی کامیابی نے انہیں فرانس کی میری جوز پیریک کے ساتھ تاریخ کی صرف دوسری خاتون بنا دیا، جنہوں نے اولمپک 400 میٹر کا خطاب کامیابی کے ساتھ برقرار رکھا۔ انہوں نے اس فائنل میں 48.36 سیکنڈ کا وقت نکال کر شمالی امریکی ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اس سے قبل 2019 میں دوحہ میں منعقدہ عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں وہ 48.37 سیکنڈ کا وقت درج کر کے اس ریکارڈ کے انتہائی قریب پہنچ گئی تھیں۔ ملر-اوئیبو نے جونیئر سطح پر ہی بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت بنانا شروع کر دی تھی۔ جارجیا یونیورسٹی کی جانب سے مقابلہ کرتے ہوئے انہوں نے این سی اے اے ڈویژن ون انڈور خطاب بھی جیتا۔ سینئر سطح پر ان کا سفر آگے بڑھا اور رفتار و استقامت کے شاندار امتزاج نے جلد ہی انہیں دیگر ایتھلیٹس سے ممتاز کر دیا۔

عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ملر-اوئیبو نے 2015 اور 2019 میں 400 میٹر میں چاندی کے تمغے جیتے، جبکہ 2017 میں 200 میٹر میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس کے بعد 2022 میں یوجین میں انہوں نے بالآخر عالمی چیمپئن شپ کا سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ 200 میٹر میں ان کا ذاتی بہترین وقت 21.74 سیکنڈ ہے، جو بہاماس کا قومی ریکارڈ بھی ہے۔

ملر-اوئیبو نے بین الاقوامی سطح پر بھی کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے 2018 کے دولت مشترکہ کھیلوں میں 200 میٹر کا سونے کا تمغہ جیتا۔ اس کے علاوہ عالمی ایتھلیٹکس ریلے میں بہاماس کی مکسڈ 4x400 میٹر ریلے ٹیم کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت کر اپنے شاندار ریکارڈ میں ایک اور بڑی کامیابی کا اضافہ کیا۔

کھیلوں کی کامیابیوں سے آگے بڑھ کر ملر-اوئیبو بہاماس کے لوگوں کے لیے خدمات انجام دینے کی بھی سرگرم حامی رہی ہیں۔ وہ کئی فلاحی اور سماجی منصوبوں سے فعال طور پر وابستہ رہی ہیں، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں سے متعلق پروگراموں سے انہیں خاص دلچسپی رہی ہے۔

ہندوستان کے دورے کے حوالے سے شونائی ملر-اوئیبو نے کہا، ”ریس نے مجھے دنیا کے کئی شاندار مقامات تک پہنچایا ہے، لیکن میں ہندوستان اور خاص طور پر نئی دہلی آنے کو لے کر بے حد پرجوش ہوں۔ ایسی ریس کا حصہ بننا میرے لیے خاص ہے، جس کا اپنے لوگوں سے اتنا گہرا تعلق ہے۔ ویدانتا دہلی ہاف میراتھن مختلف پس منظر، مختلف کہانیوں اور مختلف صلاحیتوں رکھنے والے لوگوں کو دوڑنے کی خوشی کے ذریعے ایک ساتھ لاتی ہے۔“

انہوں نے مزید کہا، ”اعلیٰ ترین سطح پر برسوں مقابلہ کرنے کے بعد میں جانتی ہوں کہ ترقی ایک ایک قدم کر کے حاصل ہوتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ میرا سفر یہاں کے ایتھلیٹس کو اپنے عمل پر اعتماد رکھنے، مستقل مزاجی برقرار رکھنے اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے کے لیے تحریک دے گا۔ میں دہلی کے ایتھلیٹس کے ساتھ اس تجربے کا اشتراک کرنے اور سب کو اسٹارٹ لائن پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہوں۔“

ہندستان زنک لمیٹڈ کی چیئرپرسن اور ویدانتا لمیٹڈ کی نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر پریا اگروال ہیبار نے کہا، ”شنائے ملر-اوئیبو اس عمدگی، استقامت اور عزم کی علامت ہیں جو دوڑ کو تبدیلی کی طاقت بناتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ شنائے کی موجودگی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو دوڑنے کے لیے ترغیب دے گی، انہیں خود کو چیلنج کرنے اور اس سفر کی خوشی محسوس کرنے کا موقع دے گی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہمارے #رن فار زیرو ہنگر مہم کے ذریعے ایک بڑے مقصد کے لیے متحد ہوں گے۔“

پروکیم انٹرنیشنل کے جوائنٹ مینیجنگ ڈائریکٹر وویک سنگھ نے کہا، ”شنائے کے کریئر کی شناخت استقامت، عمدگی اور مسلسل کوشش سے رہی ہے۔ انہوں نے برسوں تک عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا خطاب حاصل کرنے کی کوشش کی اور بالآخر اسے اپنے نام کیا۔ یہی استقامت وہ پیغام ہے، جسے ہم چاہتے ہیں کہ 18 اکتوبر کو ہر ایتھلیٹ اپنے ساتھ لے کر جائے۔“

سنگھ نے مزید کہا، ”ہماری انٹرنیشنل ایونٹ ایمبیسیڈر کے طور پر ان جیسی باصلاحیت ایتھلیٹ کی موجودگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ یہ ورثہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ریس کے 21ویں ایڈیشن اور تیسرے عشرے میں داخل ہونے کے موقع پر ایسے لمحات ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ ویدانتا دہلی ہاف میراتھن دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کے لیے مسلسل کشش کا مرکز کیوں بنی ہوئی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ان کی موجودگی ہر طبقے کے شرکا کو پوری مسافت مکمل کرنے کے لیے تحریک دے گی۔“

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande