
چنڈی گڑھ، 24 ستمبر (ہ س)۔ پنجاب میں گریٹر موہالی ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (گماڈا) کے پنجاب اور چنڈی گڑھ کے دفاتر میں گزشتہ دو روز سے جاری انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ای ڈی نے بدھ کی رات پنجاب کے ایک کابینی وزیر کے بھانجے کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ جمعرات کی صبح سابق مرکزی وزیر رو نیت بٹو نے پنجاب کے ایک وزیر کے بیرون ملک فرار ہونے کا دعویٰ کیا۔ اس دوران جمعرات کو عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے موہالی میں گماڈا دفتر کے باہر دھرنا دیا۔ پنجاب حکومت بھی بدھ کی نصف شب کو ہائی کورٹ پہنچ گئی۔
پنجاب میں ای ڈی نے گزشتہ دو دنوں کے دوران گماڈا سمیت کئی مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔ حکمراں عام آدمی پارٹی اس کارروائی کی مخالفت کر رہی ہے۔ ای ڈی نے منگل کی صبح موہالی واقع گماڈا دفتر میں کارروائی شروع کی تھی۔ ای ڈی نے اس سلسلے میں سرکاری طور پر کوئی معلومات جاری نہیں کی ہیں، تاہم بتایا جاتا ہے کہ ایک آئی اے ایس افسر کی رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں نقد رقم ملی ہے۔ سیکٹر 39 میں بھی چھاپہ مارا گیا، جہاں دہلی کے سابق وزیر ستیندر جین رہتے تھے۔ اسی تحقیقات کے دوران بدھ کو پنجاب کے شہری رہائش اور ترقی کے وزیر ہردیپ سنگھ منڈیاں کے رشتہ دار گورپریت سنگھ سینی عرف پرنس کے لدھیانہ کے ساہنے وال واقع گھر کی بھی ای ڈی نے تلاشی لی۔
رپورٹوں کے مطابق وہاں کارروائی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے شروع ہوئی اور دیر تک جاری رہی۔ اس کارروائی کے باعث بدھ کی دیر رات پنجاب حکومت ہائی کورٹ پہنچ گئی۔ درخواست پر ہائی کورٹ نے ای ڈی کی چھاپہ مار کارروائی کی نگرانی کے لیے وارنٹ افسر مقرر کیا۔ وارنٹ افسر کو موقع پر جا کر چھاپے ماری کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پنجاب میں ای ڈی کی کارروائی کے درمیان سابق مرکزی وزیر مملکت اور پنجاب سے بی جے پی رہنما رو نیت سنگھ بٹو کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ نے سیاسی ہلچل پیدا کر دی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ پنجاب کا ایک وزیر ملک چھوڑ کر فرار ہو گیا ہے۔ جمعرات کو عام آدمی پارٹی نے موہالی میں گماڈا دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ آپ کارکن مبینہ طور پر زبردستی گماڈا کے دفتر میں داخل ہو گئے، جہاں ان کی سکیورٹی اہلکاروں سے دھکا-مکی ہوئی۔ آپ کارکنوں نے گماڈا دفتر کے باہر تالا بھی لگا دیا، جس کے باعث ملازمین میں افراتفری مچ گئی۔
پنجاب میں ای ڈی کی کارروائی پر دہلی کے سابق وزیر منیش سسودیا نے بھی طنز کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کا اشتراک کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ”یہ ای ڈی والے آج کل مودی کی ڈاکو فوج بن کر لوگوں کو ڈراتے پھر رہے ہیں۔“ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مختلف مقامات پر کارروائیوں کے باوجود ای ڈی کو کچھ نہیں ملا اور وہ خالی ہاتھ واپس جا رہی ہے۔
پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال چیمہ نے کہا کہ ای ڈی کے ذریعے پنجاب حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اب تک کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ای ڈی کو کہیں سے کچھ نہیں ملا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد