
بریک فیل ہونے سے بے قابو کنٹینر نے کئی گاڑیوں کو ماری ٹکر ,دو افراد جاں بحق چار زخمی
پونے، 19 ستمبر (ہ س)۔ پونے ضلع میں ممبئی بنگلورو شاہراہ پر ناولے برج کے قریب گزشتہ رات ایک تیز رفتار کنٹینر کے اچانک بریک فیل ہونے کے بعد کئی گاڑیوں سے ٹکرانے کا حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں 2 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ رات تقریباً 1 بجے پیش آیا۔ ستارا سے ممبئی کی جانب جانے والے کنٹینر کا بھومکر برج کے قریب اچانک بریک فیل ہوگیا، جس کے بعد ڈرائیور کنٹینر پر قابو نہیں رکھ سکا۔ بے قابو کنٹینر نے راستے میں موجود 3 سے 4 دیگر گاڑیوں کو زور دار ٹکر ماری۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 2 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں کے ساتھ پولیس اور ایمبولینس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو گاڑیوں سے باہر نکالا گیا اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ رات کے وقت پیش آنے والے اس حادثے کے باعث ممبئی بنگلورو شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
پولیس نے حادثے کی اطلاع درج کرکے معاملے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس اس بات کی بھی جانچ کررہی ہے کہ کنٹینر کے بریک کس وجہ سے فیل ہوئے اور حادثے کے وقت گاڑی کی رفتار کتنی تھی۔تحقیقات کے بعد حادثے کی مکمل وجوہات سامنے آنے اور مزید قانونی کارروائی کیے جانے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے