
جموں, 19 ستمبر (ہ س): جموں زون پولیس کے انسپکٹر جنرل تیجندر سنگھ نے جموں شہر میں روڈ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور پولیس کی موجودگی کو مزید مستحکم کیا۔پولیس کے مطابق روڈ مارچ میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں-سانبہ-کٹھوعہ رینج شری دھر پاٹل اور ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ روڈ مارچ کے دوران نیو پلاٹ، کورٹ روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ روڈ مارچ کا مقصد سیکورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھنا، عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے پولیس کی تیاری کو مضبوط کرنا تھا۔
دریں اثنا، ضلع سانبہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر پولیس نے گورنمنٹ ریلوے پولیس سانبہ، دیگر سیکورٹی ایجنسیوں، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور متعلقہ محکموں کے اشتراک سے ایک جامع فرضی مشق بھی منعقد کی۔پولیس کے مطابق فرضی مشق کا مقصد ریلوے اسٹیشن جیسے اہم اور حساس مقام پر کسی بھی ممکنہ سیکورٹی یا ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف اداروں کی تیاری اور باہمی تال میل کا جائزہ لینا تھا۔
مشق میں پولیس، جی آر پی، دیگر سیکورٹی ایجنسیوں، محکمہ صحت، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز سمیت مختلف محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے حصہ لیا۔مشق سے قبل تمام اہلکاروں کو آپریشنل تال میل، حفاظتی اقدامات اور ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مشق کے بعد ڈی بریفنگ سیشن منعقد کرکے مجموعی ردعمل کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید بہتری کے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر