
شملہ، 19 ستمبر (ہ س)۔
ہماچل پردیش میں مانسون اب رخصتی کے قریب ہے۔ ریاست میں گزشتہ دو دنوں سے بارش نہیں ہوئی ہے اور ہفتہ کو بھی بیشتر حصوں میں موسم صاف رہا۔ محکمہ موسمیات کے شملہ مرکز کے مطابق 20 اور 21 ستمبر کو اونچائی والے علاقوں کے علاوہ ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم صاف رہنے کا امکان ہے۔ 22 تا 25 ستمبر تک پوری ریاست میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران مانسون کی باقاعدہ رخصتی عمل میں آ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے شملہ مرکز کے سائنس داں سندیپ شرما نے بتایا کہ ہماچل میں ابھی مانسون کی سرگرمی برقرار ہے، لیکن یہ کمزور پڑ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے مانسون کی رخصتی کی معمول کی تاریخ 25 ستمبر کے آس پاس رہتی ہے۔ رواں سال مانسون نے جون کے اختتام پر ہماچل میں دستک دی تھی۔ اب تک ریاست میں معمول سے 10 فیصد کم بارش درج کی گئی ہے۔ ریاست میں مانسون کے دوران اوسطاً 631 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ معمول کی بارش 701 ملی میٹر رہتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق بلاسپور، کنور، کلو، شملہ اور سرمور میں مانسون کے دوران معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ وہیں چمبا، ہمیرپور، کانگڑا، لاہول اسپیتی، منڈی، سولن اور اونا میں معمول سے کم بارش درج کی گئی۔ شملہ ضلع میں معمول سے سب سے زیادہ یعنی 15 فیصد زائد بارش ہوئی ہے، جبکہ لاہول اسپیتی میں معمول سے 63 فیصد کم بارش درج کی گئی ہے۔ ستمبر میں اب تک ریاست میں معمول سے 7 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ اس دوران کانگڑا، کنور، منڈی، شملہ، سرمور اور سولن میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ہفتہ کی شام تک ریاست میں مٹی کے تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے باعث 55 سڑکیں اور ایک بجلی کا ٹرانسفارمر بند تھا۔ منڈی میں 28، کانگڑا میں 10 اور کلو میں 9 سڑکیں بند رہیں۔ کم بارش کے باوجود اس مانسون میں ریاست کو منقولہ اور غیر منقولہ املاک کا تقریباً 3,217 کروڑ روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ اس میں محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کی سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والا 2,744 کروڑ روپے کا نقصان بھی شامل ہے۔
مانسون کے دوران اب تک بارش سے متعلق حادثات اور سڑک حادثات میں 329 افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 567 افراد زخمی ہوئے ہیں اور چار لاپتہ ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 196 افراد کی جان سڑک حادثات میں گئی ہے۔ وہیں، 133 افراد کی موت لینڈ سلائیڈنگ، اچانک آنے والے سیلاب، ڈوبنے، بہہ جانے، پھسلنے اور بارش سے وابستہ دیگر حادثات میں ہوئی ہے۔ اس عرصے میں 139 مکانات، 17 دکانیں اور مویشیوں کے 492 باڑے مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 521 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن