
بھوپال، 18 ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپور کے کونو نیشنل پارک سے پروجیکٹ چیتا کے چار سال مکمل ہونے کے ایک دن بعد جمعہ کے روز خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ہندوستان میں پیدا ہونے والی مادہ چیتا کے جی پی-12 نے چار بچوں کو جنم دیا ہے، جس کے بعد کونو میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے اور ان میں سے 37 چیتے ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں۔
کونو نیشنل پارک میں ہندوستان میں پیدا ہونے والی مادہ چیتا کے جی پی-12 نے جمعہ کو چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع شیئر کی۔ انہوں نے اسے پروجیکٹ چیتا کے لیے ایک خاص اور اہم لمحہ قرار دیتے ہوئے چیتا کے تحفظ کی سمت میں بڑی کامیابی قرار دیا۔ مرکزی وزیر نے اس موقع کو ’’چار سال، چار نئی زندگیاں‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چار نئے بچوں کی پیدائش ہندوستان میں چیتا کے تحفظ کی بڑھتی ہوئی کامیابی اور اس کے لیے کیے جانے والے پختہ عزم کی اچھی علامت ہے۔ بچوں کی پیدائش کی اطلاع کونو نیشنل پارک کے فیلڈ ڈائریکٹر اتم کمار شرما نے بھی دی ہے۔
چار نئے بچوں کی پیدائش کے بعد کونو میں چیتوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہو گئی ہے۔ ان میں 37 چیتے ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں۔ کے جی پی 12 کی پیدائش ہندوستان میں ہی ہوئی تھی اور اب اس کا بچوں کو جنم دینا پروجیکٹ چیتا کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ محکمہ جنگلات اور پروجیکٹ چیتا سے وابستہ ماہرین کے لیے یہ اس لیے بھی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس سے ہندوستان میں پیدا ہونے والے چیتوں کے قدرتی طور پر افزائش نسل کے عمل کو آگے بڑھنے کا اشارہ ملا ہے۔ کونو میں چیتوں کی تعداد بڑھانے اور ان کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کے درمیان چار نئے بچوں کی پیدائش جنگلی حیات کے شائقین کے لیے بھی بڑی خوشخبری ہے۔ وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو نے اس موقع پر کونو اور پروجیکٹ چیتا سے وابستہ پورے کنبے کو مبارکباد پیش کی۔ چار نئے بچوں کی پیدائش کے ساتھ کونو میں جاری چیتا کے تحفظ کی مہم کی کامیابیوں میں ایک اور اہم باب کا اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ قریباً چار ماہ قبل اسی مادہ چیتا کے چار بچوں کی کونو نیشنل پارک میں موت واقع ہو گئی تھی۔ ان بچوں کی پیدائش 11 اپریل 2026 کو ہوئی تھی اور موت کے وقت ان کی عمر تقریباً ایک ماہ تھی۔ ٹیم نے ان بچوں کو 11 مئی کی شام آخری بار زندہ دیکھا تھا۔ اس کے اگلے دن 12 مئی 2026 کو ان کی لاشیں کونو نیشنل پارک میں ملی تھیں۔ محکمہ جنگلات کے مطابق، بچوں کی لاشیں جزوی طور پر کھائی ہوئی پائی گئی تھیں۔ محکمے نے کسی جنگلی جانور کے شکار کا شبہ ظاہر کیا تھا۔ اس واقعے میں مادہ چیتا مکمل طور پر محفوظ تھی۔ اب اسی مادہ چیتا نے ایک بار پھر چار بچوں کو جنم دیا ہے۔ اس سے کونو میں چیتا کی افزائش نسل اور ہندوستان میں پیدا ہونے والے چیتوں کی آبادی کے فروغ کو لے کر امیدیں روشن ہوئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کونو میں چار نئے بچوں کی پیدائش پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسے مدھیہ پردیش کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ چیتا کی کامیابی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں چیتا کے تحفظ کی سمت میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کونو نیشنل پارک کی ٹیم اور پروجیکٹ چیتا سے وابستہ تمام افراد کو اس خوش آئند موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اسے حفاظتی مہم کے لیے نمایاں کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کونو میں چیتوں کی بڑھتی آبادی سے وائلڈ لائف ٹورزم، مقامی باشندوں کے روزگار اور ایکو سسٹم کے تحفظ کو تقویت مل رہی ہے۔
وہیں، بی جے پی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیل وال نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں چار سال قبل شروع ہونے والا پروجیکٹ چیتا مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ چار نئے بچوں کی پیدائش کو انہوں نے مہم کی پیش رفت سے جوڑتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن