دہلی پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کے ایک رکن کو گرفتار کیا
نئی دہلی، 18 ستمبر(ہ س)۔ ایک مشترکہ کارروائی میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل (ایسٹرن رینج) اور گجرات پولیس کی وڈودرا سٹی کرائم برانچ نے منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے ایک اہم کارکن کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے تقریبا 2
دہلی پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کے ایک رکن کو گرفتار کیا


نئی دہلی، 18 ستمبر(ہ س)۔ ایک مشترکہ کارروائی میں دہلی پولیس کے اسپیشل سیل (ایسٹرن رینج) اور گجرات پولیس کی وڈودرا سٹی کرائم برانچ نے منشیات کی بین الاقوامی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے ایک اہم کارکن کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے قبضے سے تقریبا 2 کلو ہیروئن برآمد کی ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ قیمت تقریبا 12 کروڑ روپے ہے۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ہیروئن پاکستانی نڑاد تھی، جسے ملزم نے اپنی کار میں ایک خصوصی خفیہ والٹ (کیویٹی) میں چھپایا تھا۔

وڈودرا میں درج مبینہ 10 کروڑ روپے کی جبری وصولی کے معاملے کی تحقیقات کے دوران، پولیس کو اطلاع ملی کہ رقم کی پہلی قسط دہلی میں پہنچائی جانی ہے۔ ان پٹ کی بنیاد پر، مشترکہ ٹیم نے 12 ستمبر کو شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب چاندنی چوک کے کوچا گھاسی رام (بیکانیر سویٹس کے قریب) کے ارد گرد گھیراو کیا اور کلدیپ کو گرفتار کر لیا۔ تلاشی کے نتیجے میں اس کے پاس سے ایک کرنسی نوٹ اور کار کی چابیاں برآمد ہوئیں۔

تحقیقات سے پتہ چلا کہ یہ گینگ حوالہ کی رقم جمع کرنے اور شناخت کی تصدیق کے لیے کرنسی نوٹ کی تصویر ٹیلیگرام پر بھیجتا تھا۔ کلدیپ کے کہنے پر پولیس نے جے وہار فیز-1، نجف گڑھ میں کھڑی اس کی کار کی تلاشی لی۔ کار کے ڈبے میں اسپیئر ٹائر کے قریب خصوصی طور پر تیار کردہ خفیہ نالی سے 2 کلو ہیروئن پر مشتمل 4 پیکٹ برآمد ہوئے۔

پوچھ گچھ پر کلدیپ نے انکشاف کیا کہ وہ مہندر ڈیلانا کی ہدایت پر 5 ستمبر کو امرتسر گیا تھا۔ وہاں، 6 ستمبر کو، وہ دو نامعلوم سپلائرز سے ہیروئن کی کھیپ لے کر دہلی واپس آیا۔ وہ منشیات اسمگل کرنے کے ساتھ ساتھ جبری وصولی کے پیسے جمع اور ڈیلیور کرتا تھا، جس کے لیے اسے فی ٹرپ 15 سے 20 ہزار روپے ملتے تھے۔

پولیس کے مطابق کلدیپ پہلے زرعی پیداوار کی منڈی میں کاروبار کرتا تھا لیکن 2022 میں اسے 50 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ بھاری قرض ادا کرنے کے لیے اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے مہندر ڈیلانا سے رابطہ کیا اور اس گینگ کا حصہ بن گیا۔اسپیشل سیل پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس اب پورے نارکوٹکس سنڈیکیٹ، حوالہ چینلز اور بیرون ملک بیٹھے نیٹ ورک کے دیگر روابط کی تحقیقات کر رہی ہے۔ مفرور کنگ پن مہندر ڈیلانا کا سراغ لگانے کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande