
ڈی ناگیندر کی اسمبلی رکنیت مسئلہ پر ہائی کورٹ کا جمعہ کو فیصلہحیدرآباد، 17 ستمبر(ہ س)۔ تلنگانہ ہائی کورٹ رکن اسمبلی خیریت آباد ڈی ناگیندرکی اسمبلی رکنیت کے مسئلہ پرجمعہ کو فیصلہ سنائے گا۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پرمشتمل بنچ کوآج فیصلہ سنانا تھا لیکن بنچ نے فیصلہ کو جمعہ تک کے لئے ملتوی کردیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی مہیشورریڈی اور بی آرایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قراردینے کی اپیل کی ہے۔ درخواست گزاروں نے الزام عائد کیا کہ بی آرایس پارٹی سے اسمبلی کےلئے منتخب ہونے کے بعد ناگیندر نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اورلوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پرمقابلہ کیا۔ درخواست گزاروں نے دعویٰ کیا کہ انسداد انحراف قانون کی خلاف ورزی پر ناگیندرکواسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔ ارکان اسمبلی نے اسپیکر ٹریبونل کے فیصلہ کو چیلنج کیا جس میں ڈی ناگیندرکوکلین چٹ دی گئی۔چیف جسٹس نے فریقین کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کردیا تھا اور آج فیصلہ سنائے جانے کا دن تھا۔ چیف جسٹس نے فیصلہ کو جمعہ تک ملتوی کردیا جس کے نتیجہ میں سیاسی حلقوں میں تجسس مزید بڑھ چکا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر اسپیکراسمبلی پرساد کمارنے 10 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف دائر کردہ شکایتوں کی جانچ کی اورتمام ارکان اسمبلی کوکلین چٹ دیتے ہوئے انحراف کے الزامات کو خارج کردیا۔ بی جے پی اور بی آر ایس کی جانب سے اسپیکر کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ دیگر 9 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف علیحدہ درخواستیں ہائی کورٹ میں زیرالتواء ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق