
حیدرآباد ،17 ستمبر(ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے سابق وزیراعلی کے سی آرکے فارم ہاؤس کی اراضی کی تحقیقات کااعلان کیا۔ انہوں نے میدک ضلع کے دو وزراء اور عہدیداروں کو30 دن میں تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگرتحقیقات ایک ماہ میں مکمل نہیں کی گئی تو وزراء اورعہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے آج اسمبلی میں رجسٹریشن ایکٹ کی سیکشن 22A پرمباحث کا جواب دیتے ہوئے یہ اعلان کرتے ہوئے ایوان میں سنسنی دوڑا دی۔ کے سی آرکے فارم ہاؤس کی اراضی کی جانچ کےاعلان سے تلنگانہ کے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل پیداہوگئی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تحقیقات میں اس بات کا پتہ چلایا جائے گا کہ آیا700ایکراراضی فارم ہاؤزکے تحت ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 388 ایکرسرکاری اراضی فارم ہاؤس کے لئے شامل کی گئی ہے اورکے سی آرنے آج تک اس کا اظہارنہیں کیاہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فارم ہاؤس میں شامل کی گئی سرکاری اراضی کوان دلت خاندانوں میں تقسیم کریں گے جن کی بی آرایس قائدین نے توہین کی ہے۔ کے سی آرفارم ہاؤس کے قریب دلتوں کے احتجاج کے بعد احتجاج کے مقام کوہلدی کے پانی سے دھوکرشدھی کرن کیا گیا۔وزیراعلی نے اعلان کیا کہ جن دلتوں کے ساتھ توہین کی گئی وہ انہیں سرکاری اراضی کا مالک بنائیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ سدی پیٹ میں کے سی آرخاندان کی 67.5 ایکراراضی ہے ۔ کے ٹی آرخاندان کی اراضی 123 ایکر،ہریش راؤخاندان کی اراضی 30 ایکر،کے کویتا خاندان کی اراضی 37 ایکر،جے سنتوش راؤخاندان کی اراضی 79 ایکر ،نوین راؤ کی 52 ایکر،کونڈل راؤ کی 48 ایکراراضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خاندان کی 9 اضلاع کے 24 منڈلوں ، 31 گاؤں میں جملہ 439 ایکر اراضی موجود ہے۔وزیراعلی نے جنواڑہ میں کے ٹی آرکے فارم ہاؤس کا جائزہ لینے پرانہیں جیل بھیجنے کے واقعہ کا ذکر کیا اورکہاکہ ان پرالزام عائد کیاکہ وہ ڈرون کے ذریعہ فارم ہاؤس پر بم پھینکنا چاہتے ہیں۔ کیا میں بن لادن ہوں؟ الیکشن سے قبل اسٹیفنسن کو یہ اراضی بطورتحفہ پیش کی گئی۔50 کروڑکی اراضی کومحض 1.53 کروڑ میں ریگولرائیزکیاگیا۔اراضی اسکام کی جانچ کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اراضی اسکام کی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے اندرون ایک ماہ حقائق منظرعام پر لائے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق