ایچ اے ایل کل فضائیہ کو ایل سی اے مارک-1 کے آخری دو ٹرینر طیارے حوالے کرے گا
نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) جمعہ کو ہندوستانی فضائیہ کو لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) تیجس کے آخری دو ٹوئن سیٹر ٹرینر طیارے حوالے کرے گا۔ اس کے ساتھ فضائیہ کے ابتدائی 40 ایل سی اے مارک-1 طیاروں کے آرڈر کی س
ایچ اے ایل کل فضائیہ کو ایل سی اے مارک-1 کے آخری دو ٹرینر طیارے حوالے کرے گا


نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔

ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) جمعہ کو ہندوستانی فضائیہ کو لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) تیجس کے آخری دو ٹوئن سیٹر ٹرینر طیارے حوالے کرے گا۔ اس کے ساتھ فضائیہ کے ابتدائی 40 ایل سی اے مارک-1 طیاروں کے آرڈر کی سپلائی مکمل ہوجائے گی۔

یہ طیارے پائلٹوں کی تربیت کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایچ اے ایل 18 ستمبر کو بنگلورو میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو کی موجودگی میں یہ طیارے فضائیہ کے حوالے کرے گا۔

فضائیہ نے 40 ایل سی اے مارک-1 طیاروں کا آرڈر مارچ 2006 اور دسمبر 2010 میں دو مرحلوں میں دیا تھا۔ ان میں سے 38 طیارے پہلے ہی فضائیہ کو فراہم کیے جاچکے ہیں اور اب آخری دو ٹوئن سیٹر ٹرینرز کی فراہمی کے ساتھ یہ ابتدائی آرڈر مکمل ہوجائے گا۔

ایل سی اے تیجس کا ایف او سی ٹوئن سیٹر ایک جدید لڑاکا تربیتی طیارہ ہے، جسے ایچ اے ایل نے تیار کیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد نئے پائلٹوں کو لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت دینا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر یہ جنگی کارروائی میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس میں جدید گلاس کاک پٹ، ریڈار نظام اور درست نشانے والے ہتھیار استعمال کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

تیجس دنیا کے نسبتاً چھوٹے اور ہلکے سپرسونک لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے۔ ڈیلٹا وِنگ ڈیزائن کی وجہ سے یہ تیزی سے سمت تبدیل کرسکتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 2,205 کلومیٹر فی گھنٹہ یعنی میک 1.8 ہے اور یہ 50 ہزار فٹ سے زیادہ بلندی تک پرواز کرسکتا ہے۔ اس میں نو ہارڈ پوائنٹس موجود ہیں، جہاں ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل، لیزر گائیڈڈ بم اور دیگر درست نشانے والے ہتھیار نصب کیے جاسکتے ہیں۔

اسی پروگرام کے تحت فضائیہ کو ایچ ٹی ٹی-40 بنیادی تربیتی طیاروں کی پہلی کھیپ کے تین طیارے بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان طیاروں کی سپلائی ہنی ویل کے ٹی پی ای-331-12 بی ٹربوپراپ انجن کی عالمی سپلائی چین میں رکاوٹ کے باعث طویل عرصے سے تاخیر کا شکار تھی۔

اس موقع پر پون ہنس لمیٹڈ کو دھروو نیکسٹ جنریشن (این جی) ہیلی کاپٹروں کی پہلی کھیپ بھی دی جائے گی۔ پون ہنس نے ایسے 10 ہیلی کاپٹروں کا آرڈر دیا ہے، جن میں سے چار اس تقریب میں حوالے کیے جائیں گے۔ یہ ہیلی کاپٹر آف شور آپریشن، ہنگامی طبی خدمات اور مسافر برداری کے لیے استعمال ہوں گے۔

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande