جیمز روڈریگیز نے کولمبیا کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا
بوگوٹا، 16 ستمبر (ہ س)۔ کولمبیا کے اسٹار مڈفیلڈر جیمز روڈریگیز نے منگل کو 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 35 سالہ روڈریگیز نے شمالی امریکہ میں ہونے والے حالیہ فیفا ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال کو الودا
Sports-Football-Rodriguez-Retires-National-Team


بوگوٹا، 16 ستمبر (ہ س)۔ کولمبیا کے اسٹار مڈفیلڈر جیمز روڈریگیز نے منگل کو 15 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 35 سالہ روڈریگیز نے شمالی امریکہ میں ہونے والے حالیہ فیفا ورلڈ کپ کے بعد بین الاقوامی فٹبال کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا۔

روڈریگیز نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا، ”کئی برسوں، میچوں، خوشی کے لمحات اور مشکل ادوار سے گزرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ اب اپنی زندگی کے ایک باب کو بند کرنے کا وقت آ گیا ہے-کولمبیا کی قومی ٹیم کے ساتھ میرا سفر۔ اس جرسی کو پہننا ایک خواب تھا، لیکن یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی تھی۔“

روڈریگیز نے 2011 میں لا پاز میں بولیویا کے خلاف کامیابی کے دوران کولمبیا کی جانب سے بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا۔ تاہم 2014 کے فیفا ورلڈ کپ میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر شناخت دلائی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں گولڈن بوٹ جیتا، جس کے بعد وہ اسپین کے معروف کلب ریئل میڈرڈ سے وابستہ ہو گئے۔ ریئل میڈرڈ کے ساتھ انہوں نے دو لا لیگا خطاب جیتے۔ اس کے علاوہ ،وہ بائرن میونخ اور ایورٹن کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا، ”میں ان لمحات کو جینے کے لیے خوش قسمت رہا جن کا میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا-ورلڈ کپ، گول اور ناقابل فراموش راتیں؛ ایسی جیت جنہوں نے ہمیں اعتماد کرنا سکھایا اور ایسی ہار جنہوں نے ہمیں مضبوط بنایا۔“

روڈریگیز نے کہا، ”جب میں نے قومی ٹیم کے ساتھ اپنا سفر شروع کیا تھا تو میری خواہش تھی کہ جب میں آگے بڑھوں تو ٹیم کی جرسی کو پہلے سے زیادہ مضبوط حالت میں چھوڑ کر جاو¿ں۔ پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ میں نے یہ حاصل کر لیا۔“

انہوں نے مزید کہا، ”مجھے نمبر 10 کی جرسی اور کپتان کا آرم بینڈ پہننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ میں نے اسے احترام، ذمہ داری اور اس احساس کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی کہ کولمبیا کی نمائندگی کرنے کا کیا مطلب ہے۔ میرے اچھے دن بھی آئے اور مشکل دن بھی، لیکن مجھے ان رنگوں پر فخر ہونا کبھی ختم نہیں ہوا۔“

گزشتہ چند برسوں میں روڈریگیز نے کئی کلبکا رخ کیا۔ وہ اولمپیاکوس، ساوپاولو، رایو والیکانو، کلب لیون اور مینیسوٹا یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیل چکے ہیں۔ موجودہ سیزن سے قبل وہ کولمبیا کے کلب اٹلیٹیکو نیشنل سے وابستہ ہوئے تھے۔

اپنے بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہتے ہوئے روڈریگیز نے کہا، ”میں مکمل اطمینان کے ساتھ جا رہا ہوں، کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ میں نے اپنی پوری کوشش کی۔ ہر یاد، ہر گلے ملنے اور ہر لمحے کے لیے شکریہ۔“

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande