
مندسور، 15 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ضلع مندسور کے گروٹھ تھانہ علاقے میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر منگل کی صبح ایک تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار سوار تین نوجوانوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک مسافر شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ متوفیان ہریانہ اور راجستھان کے رہنے والے تھے۔
گروٹھ تھانہ پولیس کے مطابق، حادثہ منگل کی صبح تقریباً 4.30 بجے گروٹھ انٹری گیٹ کے قریب پیش آیا۔ گروگرام (ہریانہ) سے چند نوجوان کار کے ذریعے کھاٹو شیام جی کے درشن کے لیے نکلے تھے۔ اسی دوران ان کی تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں کار سوار تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ایک مسافر شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔ پولیس نے زخمی کو اسپتال پہنچایا اور متوفیان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج کر معاملے کی جانچ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق، متوفیان کی شناخت گروگرام (ہریانہ) کے سکندرپور کے ساکن اروند اہیر (39 سال)، نتھوپور (گروگرام) کے ساکن بندر اہیر (33 سال) اور الور، راجستھان کے بہروڑ تھانہ علاقے کے گاوں پہیل کے ساکن کیلاش چندر گرجر (34) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں، گروگرام (ہریانہ) کے جتیندر اہیر (40) شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس نے متوفیان کی لاشوں کو سول اسپتال کے پوسٹ مارٹم ہاوس میں رکھوایا ہے۔ لواحقین کے گروٹھ پہنچنے کے بعد پوسٹ مارٹم کرا کے لاشیں ان کے سپرد کر دی جائیں گی۔
اسپتال میں داخل زخمی جتیندر نے بتایا کہ حادثے کے وقت تیز بارش ہو رہی تھی اور چاروں طرف اندھیرا تھا۔ ایکسپریس وے پر ایک ٹرک بغیر کسی انڈیکیٹر یا لائٹ کے کھڑا تھا۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب کار سیدھی ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن