
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا
بھوپال، 15 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ٹویشا شرما موت معاملے میں سابق ضلع و سیشن جج گریبالا سنگھ کو ہائی کورٹ سے بھی کوئی راحت نہیں ملی۔ منگل کو ہوئی سماعت کے دوران سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کی۔
دراصل، ٹویشا شرما کی موت کے معاملے میں جیل میں بند گریبالا سنگھ کی تقریباً تین ہفتے سے زیر التوا ضمانت عرضی پر آج ہائی کورٹ میں جسٹس اجے کمار نرنکاری کی سنگل بنچ نے سماعت کی۔ اس دوران عدالت نے گریبالا سنگھ اور سی بی آئی کے وکلاء کے دلائل سنے۔ سی بی آئی کی جانب سے جواب کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی گئی، ساتھ ہی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا اعتراض درج کرایا۔ جس کے بعد ہائی کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت ایک ہفتے بعد مقرر کی ہے۔
سماعت کے دوران گریبالا سنگھ کی جانب سے سینئر وکیل سریندر سنگھ نے دلیل دی کہ ان کی عمر اور بیماری کو دیکھتے ہوئے انہیں ضمانت کی رعایت دی جانی چاہیے۔ دفاعی فریق نے یہ بھی کہا کہ گریبالا سنگھ جانچ اور کارروائی میں مکمل تعاون کریں گی۔ وہیں، سی بی آئی کی جانب سے معاملے میں جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگا گیا۔ عدالت نے سی بی آئی کو وقت دیتے ہوئے اگلی سماعت ایک ہفتے بعد طے کر دی۔ فی الحال گریبالا سنگھ جیل میں ہیں اور ان کی ضمانت پر حتمی فیصلہ اگلی سماعت میں ہونے کا امکان ہے۔
گریبالا سنگھ کے وکیل سریندر سنگھ نے بتایا کہ جسٹس اجے کمار نرنکاری کی عدالت میں سماعت کے دوران دونوں فریقوں کے وکلاء عدالت کے روبرو حاضر ہوئے۔ ان کی جانب سے کہا گیا کہ گریبالا سنگھ کی عمر کو ملحوظ رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گریبالا سنگھ کی جانب سے کوئی غلطی نہیں کی گئی ہے۔ ان کی طرف سے نہیں اکسایا گیا، جس سے ٹویشا نے خودکشی کی۔ نہ ہی اس کیس میں ان کی جانب سے کوئی ایسا فعل انجام دیا گیا ہے، جس سے یہ کہا جا سکے کہ وہ کسی بھی جرم میں ملوث ہیں۔
سینئر وکیل سریندر سنگھ کا کہنا تھا کہ دونوں ہی فریقوں نے وقت مانگا تھا۔ سی بی آئی کا کہنا تھا کہ وہ کیس ڈائری پیش کرنا چاہتی ہے، اس کے ساتھ ہی اعتراض بھی درج کرایا ہے۔ عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ماڈل اور اداکارہ ٹویشا شرما کی 12 مئی 2026 کو بھوپال کے کٹارا ہلز میں واقع سسرال میں مشتبہ حالات میں موت ہوئی تھی۔ اس معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے اگست 2026 میں شوہر سمرتھ سنگھ اور ساس (سابق ضلع جج) گریبالا سنگھ کے خلاف 636 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی ہے۔
اس سے قبل معاملے میں گریبالا سنگھ اور ان کے بیٹے کے خلاف بھوپال کے کٹارا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ معاملے میں قبل ازیں بھوپال ضلع و سیشن عدالت نے انہیں پیشگی ضمانت کی رعایت دی تھی۔ اس کے بعد معاملے میں ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی گئی تھی۔ ہائی کورٹ نے ان کی پیشگی ضمانت منسوخ کر دی تھی۔ اب گریبالا سنگھ کی جانب سے ضمانت کے لیے دوبارہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔
منگل کو ہوئی سماعت میں سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا اعتراض درج کرایا۔ تاہم، تحریری اعتراض پیش کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت ملنے کے سبب ہائی کورٹ نے فی الحال ضمانت عرضی پر کوئی حتمی راحت نہیں دی ہے۔ معاملے میں اگلی سماعت سی بی آئی کے جواب کے بعد ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن