(اپ ڈیٹ ) وزیر اعظم مودی نے برکس میں گلوبل ساؤتھ  کے اعتماد میں اضافہ اور جامع تکنیکی ترقی  پر زور دیا
نئی دہلی، 13 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ برکس میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کا اعتماد بڑھا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں ان کی آواز سنی جاتی ہے اور ان کے تجربات کا احترام کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی، حل ان کے لیے نہیں بلکہ انہیں ساتھ لے
وزیر اعظم مودی نے برکس میں گلوبل ساؤتھ  کے اعتماد میں اضافے اور جامع تکنیکی ترقی  پر زور دیا


نئی دہلی، 13 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ برکس میں گلوبل ساؤتھ کے ممالک کا اعتماد بڑھا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں ان کی آواز سنی جاتی ہے اور ان کے تجربات کا احترام کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی، حل ان کے لیے نہیں بلکہ انہیں ساتھ لے کر تیار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے ٹیکنالوجی اور نایاب معدنیات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے استعمال کو جامع اور سب کے لیے قابل رسائی بنانے پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے آج بھارت منڈپم میں منعقدہ برکس سربراہ اجلاس کے ’لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری‘ کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب کے دوران یہ باتیں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ برکس کی طاقت اس کے تنوع اور تعاون میں ہے۔ ایسے میں تنوع ہماری شناخت بننا چاہیے، تعاون ہماری تحریک ہونا چاہیے اور ہماری ترقی پوری انسانیت کے کام آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا، ’’آج یہ اجلاس مختلف براعظموں، ثقافتوں اور ترقی کے مختلف سفر کو ایک ساتھ جوڑ رہا ہے۔ یہ برکس کی بڑھتی ہوئی طاقت، کشش اور بے مثال اعتماد کا ثبوت ہے۔‘‘

مودی نے کہا کہ برکس نے چار ستونوں کے ذریعے جامع عالمی ترقی کو فروغ دینے کی کوششیں کی ہیں۔ بھارت کی صدارت میں برکس کی تمام کوششیں لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری پر مرکوز رہی ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’آج دنیا میں کشیدگی کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور عام زندگی پر اس کے بڑے پیمانے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وبائیں، موسمیاتی آفات اور سپلائی چین میں خلل نے دکھایا ہے کہ آج کی باہم مربوط دنیا میں کوئی بھی بحران صرف ایک خطے تک محدود نہیں رہتا۔ اسی لیے ہم نے برکس سربراہ اجلاس میں لچک بڑھانے پر خصوصی زور دیا ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے بتایا کہ برکس میں متعدی بیماریوں کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کے لیے برکس انٹیگریٹڈ ارلی وارننگ سسٹم پر اتفاق کیا گیا ہے۔ آفات کے انتظام کے لیے ابتدائی وارننگ ڈیٹا کے انضمام سے متعلق رہنما خطوط تیار کیے گئے ہیں۔ برکس لاجسٹکس سپلائی چین کوآپریشن فریم ورک ہماری سپلائی چین کو زیادہ قابل اعتماد اور لچکدار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ’برکس انکیوبیٹر نیٹ ورک‘ کے تحت ہمارے اسٹارٹ اپس اور انکیوبیٹرز کو آپس میں جوڑا جائے گا۔ اختراعی اور بڑے پیمانے پر قابل توسیع حلوں کو فروغ دینے کے لیے ہم نے برکس اسٹارٹ اپ انوویشن فنڈ کی تجویز پیش کی ہے۔ ڈیجیٹل زراعت سے متعلق برکس نیٹ ورک کسانوں کے لیے نئی فہرست تیار کرے گا۔ اس کے ذریعے اے آئی، جغرافیائی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو کسانوں کی حقیقی ضروریات سے جوڑا جائے گا۔ ہم نے ’برکس کنیکٹ‘ کے ذریعے ہنر، روزگار کی صلاحیت، افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت، سماجی تحفظ اور صلاحیت سازی کو فروغ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چھوٹے کاروباری اداروں کو علم، مالی وسائل اور نئی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے ’برکس ایم ایس ایم ای تعاون پورٹل‘ کی پہل کی گئی ہے۔ ہمارے شہروں کے درمیان بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے ’برکس اربن موبیلٹی ہب‘ قائم کیا گیا ہے۔ اسمارٹ گرڈ اور توانائی کے ذخیرے کے لیے ہم نے ’برکس ڈیجیٹل ایکسی لینس سینٹر‘ قائم کیا ہے۔ اس کا مقصد ہمارے صاف توانائی کے نظام کو زیادہ قابل اعتماد، مؤثر اور قابل رسائی بنانے میں مدد کرنا ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ برکس میں تیار کیے گئے حلوں کا فائدہ گلوبل ساؤتھ تک پہنچنا چاہیے۔ ان حلوں کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے ساتھ ساتھ سستا اور آسانی سے قابلِ قبول بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترقی کا فائدہ پوری انسانیت کو ملنا چاہیے۔

وزیر اعظم نے ترقی اور ماحولیات کے درمیان توازن پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تہذیب میں فطرت کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے۔ ترقی اور ماحولیات ایک دوسرے کے متبادل نہیں بلکہ ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ اس لیے متوازن ترقی کی راہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande