

ممبئی ، 11 ستمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے احمد نگر، بھنڈارا اور ناندیڑ اضلاع میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے 4 الگ الگ سڑک حادثات میں مجموعی طور پر 24 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔پہلا حادثہ احمد نگر ضلع کے بھلوانی شیور علاقے میں پیش آیا۔ احمد نگر کلیان شاہراہ پر ہوٹل سندیپ کے سامنے رات تقریباً 2 بجے ایک آئشر ٹیمپو اور کار کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت شکیل شیخ، ان کی اہلیہ سلمہ شیخ، اقبال شیخ اور سمیعّہ شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ تحقیقات کے مطابق تمام جاں بحق افراد ممبئی کے مالونی علاقے کے رہنے والے تھے اور اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے احمد نگر آرہے تھے۔ اس معاملے میں احمد نگر کے مکند نگر کے رہنے والے الطاف شبیر شیخ عمر 52 سال نے پارنیر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔شکایت کے مطابق شکیل شیخ اپنے اہل خانہ کے ساتھ کار سے احمد نگر آرہے تھے۔ بھلوانی شیور میں ہوٹل سندیپ کے سامنے مخالف سمت سے آنے والے آئشر ٹیمپو نے ان کی کار کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے نتیجے میں کار میں سوار چاروں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ایمبولینس کو اطلاع دی اور زخمیوں کو پارنیر دیہی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔ حادثے کے بعد آئشر ٹیمپو کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔دوسرا حادثہ بھنڈارا ضلع کے لاکھنی ساکولی راستے پر پمپل گاؤں کے قریب جمعہ کی صبح پیش آیا۔ یہاں آئشر ٹیمپو اور ٹرک کے درمیان ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں چھتیس گڑھ سے ناگپور جانے والے مزدور خاندانوں کے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مرنے والوں میں 6 خواتین اور 3 کم عمر بچے شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ افراد تہوار منانے کے لیے ناگپور جارہے تھے۔ دونوں گاڑیوں میں تقریباً 16 سے 17 افراد سوار تھے۔ قومی شاہراہ پر پمپل گاؤں کے قریب صبح کے وقت دونوں گاڑیوں میں ٹکر ہوئی۔ جاں بحق ہونے والی زیادہ تر خواتین کی عمر تقریباً 35 سال بتائی گئی ہے، جبکہ ایک خاتون کی عمر تقریباً 55 سال تھی۔ تینوں جاں بحق بچوں کی عمر 5 سال سے کم تھی۔ اس حادثے میں سومناتھ ورما کے خاندان کے 4 افراد بھی جاں بحق ہوئے، جن میں ان کی والدہ، بہن، بھابھی اور بھتیجی شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 3 بچوں کو بھنڈارا میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ناگپور میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔ گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے اور اس کا علاج بھنڈارا میڈیکل کالج میں جاری ہے۔ لاکھنی پولیس حادثے کی تحقیقات کررہی ہے۔تیسرا حادثہ ناندیڑ ضلع میں ناندیڑ بھوکر روڈ پر جمعرات کی شام تقریباً 6 بجے پیش آیا۔ یہاں ٹرک اور پک اپ گاڑی کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت پانڈورنگ لِنگو واگھمارے، ان کی اہلیہ لکشمی بائی واگھمارے، ساکن سید نگر بھوکر، موبائل مرمت کا کام کرنے والے سید التمش سید علی مودین، ساکن بلال نگر بھوکر، گاڑی کے ڈرائیور شیخ فیروز، ساکن سید نگر بھوکر، بلوان پوار، ساکن پوٹا ٹانڈا، تعلقہ حمایت نگر، شاہد سوداگر، ساکن بھوکر، اور کرشنا پوار، ساکن پوٹا ٹانڈا، تعلقہ حمایت نگر کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک جاں بحق شخص کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔ حادثے میں سومناتھ ماروتی ییلانے، شیخ ریحان عمر 16 سال، شیخ جلیل عمر 60 سال، پنٹو دھروے، ریکھا باگے عمر 40 سال، شیخ خلیل شیخ وحید اور شیخ بابومیاں زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو ناندیڑ کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کررہی ہے۔ چوتھا حادثہ بیڑ سے نوگن راجوری جانے والی شاہراہ پر جمعرات کی رات اکندا تالاب کے قریب پیش آیا۔ جہاں پل کی تعمیر کے مقام پر ضروری سمت نما بورڈ اور ریڈیئم نہ لگائے جانے کے باعث تیز رفتار ٹینکر نے موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد کو زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں کیلاش ٹولے، اکشے شندے اور رشی کیش پھول جھلکے نامی 3 گہرے دوست موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ رات تقریباً 11 بجے اس وقت پیش آیا جب تینوں دوست موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اپنے گاؤں کی طرف جارہے تھے۔ ٹینکر کی ٹکر اتنی شدید تھی کہ تینوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی اور نوگن راجوری گاؤں پر سوگ طاری ہوگیا۔ مقامی باشندوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پل کی تعمیر کے مقام پر سڑک استعمال کرنے والوں کی حفاظت کے لیے ضروری سمت نما بورڈ اور ریڈیئم کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے