
نئی دہلی، 9 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے ’ہر گھر ترنگا‘ مہم میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اجتماعی عزم کو ایک بار پھر دہرانا چاہیے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اس سال کی مہم ’وندے ماترم‘ کے نام وقف ہے اور یہ ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب اس کے 150 سال مکمل ہونے کی تقریبات منائی جا رہی ہیں۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’ہمارا ترنگا ہمارا فخر ہے اور یہ ہمیشہ قوم کے لیے اپنی بہترین خدمات پیش کرنے کی تحریک کا مستقل ذریعہ ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے اپنی پوسٹ میں وزارتِ ثقافت کی اپیل بھی شیئر کی۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس سال تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والے ترنگا فیسٹیول کا حصہ بنیں، جہاں ’سوریہ پَتھ ترنگا‘ کے ذریعے دنیا بھر میں مقیم ہندوستانیوں کو ایک ساتھ جوڑا جائے گا۔وزارتِ ثقافت نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں، اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں اور اپنی ترنگے کے ساتھ سیلفی ’ہر گھر ترنگا‘ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں۔’سوریہ پَتھ ترنگا‘ کے تحت ہندوستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر فجی سے لے کر سان فرانسسکو تک 50 سے زائد ہندوستانی سفارتی مشن ’ہر گھر ترنگا‘ پروگرام میں حصہ لیں گے۔اس مہم کے دوران مختلف ٹائم زونز میں مشرق سے مغرب کی سمت ترنگے کی تصاویر کو ڈیجیٹل طریقے سے ایک دوسرے تک پہنچایا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر میں موجود ہندوستانیوں کو قومی پرچم اور حب الوطنی کے جذبے کے ذریعے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ہے۔
وزیر اعظم نے عوام سے اس قومی مہم میں بھرپور شرکت کرنے اور ترنگے کو اپنے گھر پر لہرا کر ’ترقی یافتہ بھارت‘ کی تعمیر کے اجتماعی عزم کو مضبوط کرنے کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan