(اپڈیٹ) مدھیہ پردیش کے دھار میں گجرات کے عقیدت مندوں کی وین کو ٹرالے نے ٹکر ماری، 6 افراد ہلاک
دھار، 09 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں بدناور-اجین فور لین پر اتوار کی دوپہر ایک خوفناک حادثے میں گجرات کے 6 نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ تمام عقیدت مند ماروتی ایکو وین میں سوار ہوکر اجین میں مہاکال کے درشن کرنے کے بعد گجرات واپس جارہے تھ
دھار ضلع میں حادثے کے بعد کی تصویر


دھار، 09 اگست (ہ س)۔

مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں بدناور-اجین فور لین پر اتوار کی دوپہر ایک خوفناک حادثے میں گجرات کے 6 نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ تمام عقیدت مند ماروتی ایکو وین میں سوار ہوکر اجین میں مہاکال کے درشن کرنے کے بعد گجرات واپس جارہے تھے۔ اسی دوران راستے میں مخالف سمت سے آرہے بے قابو ٹرولے نے ان کی وین کو زوردار ٹکر مار دی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے نوجوانوں میں سے ابھی صرف 4 کی شناخت ہوسکی ہے۔

پولیس کے مطابق گجرات کے وڑودرا سے کچھ عقیدت مند ایکو وین کے ذریعے اجین میں بھگوان مہاکال کے درشن کرنے کے لیے آئے تھے۔ یہاں سے واپسی کے دوران اتوار کی دوپہر تقریباً ایک بجے پنچکواسا گاوں کے قریب اجین فور لین پر غلط سمت سے آنے والے ایک بے قابو ٹرالے نے وین کو سامنے سے زوردار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ وین کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی بدناور تھانے کے انچارج امیت سنگھ کشواہ اور تحصیلدار سریش نگر موقع پر پہنچے۔ مقامی دیہاتیوں کی مدد سے وین میں پھنسے لاشوں کو باہر نکالا گیا۔

بدناور تھانے کے انچارج کشواہ نے بتایا کہ حادثے میں وین میں سوار 6 نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دو لاشوں کو گرائنڈر مشین سے وین کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ تمام افراد مہاکال کے درشن کرکے اجین سے وڑودرا واپس لوٹ رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد فور لین پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک متاثر ہوا، جسے پولیس نے بحال کرایا۔ لاشوں کا پنچ نامہ تیار کرکے انہیں بدناور سول اسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

دھار کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس وجے ڈابر نے بتایا کہ حادثے میں جان گنوانے والے تمام 6 افراد آپس میں دوست تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 4 کی شناخت نتیش بھائی ولد پرکاش بھائی، ساکن گودھرا، میور کمار چوہان ولد پرکاش بھائی، ساکن گودھرا، وشال کمار ولد رمیش بھائی پرمار، ساکن پنچ محل اور راکیش ولد بھوپت بھائی، ساکن گودھرا کے طور پر ہوئی ہے۔ 2 دیگر ہلاک شدگان کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔

مقامی دیہاتیوں کے مطابق ٹرالا بدناور-اجین فور لین پر غلط سمت سے اجین کی جانب جا رہا تھا۔ ٹرالے میں لوہے کا سامان بھرا ہوا تھا۔ وہیں ماروتی ایکو اسپورٹس وین اجین سے گجرات کی طرف جا رہی تھی۔ اسی دوران دونوں گاڑیوں میں آمنے سامنے ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے بعد ٹرالے کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ راہ گیروں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس تقریباً 10 منٹ میں موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے کار کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر سے لاشوں کو باہر نکالا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر دھار کے کلکٹر راجیو رنجن مینا، پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما اور ایڈیشنل ایس پی پارل بیلاپورکر نے جائے حادثہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ کلکٹر مینا نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرالے کا ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی ہے۔ لاشوں کا پنچ نامہ تیار کرکے انہیں بدناور سول اسپتال کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande