آؤٹر رنگ روڈ پر غیر قانونی پارکنگ،حادثات کا سبب : ریونت ریڈی
حیدرآباد ،09 اگست (ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اورحیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شہر میں سڑکوں کی ترقی ، توسیع اور انتظامی امور پراجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری
آؤٹر رنگ روڈ پر غیر قانونی پارکنگ،حادثات کا سبب : ریونت ریڈی


حیدرآباد ،09 اگست (ہ س)۔

وزیراعلی ریونت ریڈی نے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اورحیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ شہر میں سڑکوں کی ترقی ، توسیع اور انتظامی امور پراجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق جیش رنجن ، وزیراعلی کے سکریٹری مانک راج ،کمشنرایچ ایم ڈی اے سرفرازاحمد، کلکٹر رنگاریڈی نارائن ریڈی اور دیگرعہدیداروں نے شرکت کی ۔وزیراعلی نے عہدیداروں سے کہاکہ ریاست کے تمام روڈ نیٹ ورک کو ایک مربوط نظام کے تحت لایا جائے تاکہ اراضی کے حصول ، مالیاتی انتظام ،قرض کے حصول،سڑکوں کی تعمیر اور دیکھ بھال جیسے امور کو ایک پلیٹ فارم پر موثر انداز میں انجام دیا جاسکے۔ آؤٹر رنگ روڈ،ریجنل رنگ روڈ ،شہرکے فلائی اوورس ، انڈر پاسیس اوردیگر تمام سڑکوں کو اسی نظام کے تحت شامل کیا جائے۔ وزیراعلی نے آؤٹررنگ روڈ کی ناقص دیکھ بھال پرسخت ناراضگی جتائی اور کہا کہ جگہ جگہ گاڑیوں کی غیرقانونی پارکنگ کے سبب حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ کنٹراکٹرکی لاپرواہی ناقابل قبول ہے اورسڑک کی دیکھ بھال اورنگرانی مسلسل کی جانی چاہئے۔ وزیراعلی نے ترقیاتی حقوق کی منتقلی سے متعلق ٹی ڈی آرپالیسی پرعمل آوری کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حاصل کی گئی اراضیات پرنئے سسٹم کے تحت تفصیلات کوآن لائین کیاجائے تاکہ کسی بھی بے قاعدگی اوربدعنوانی کی گنجائش نہ رہے۔ وزیراعلی نے ریڈیل سڑکوں کی تعمیر میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کونگرا کلاں سے فیوچرسٹی تک ریڈیل روڈ نمبر1 کو9 ڈسمبر تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے تعمیراتی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت دی۔

۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande