
نئی دہلی، 9 اگست (ہ س)۔
پردھان منتری آواس یوجنا-شہری (پی ایم اے وائی-یو) کے تحت مرکزی حکومت نے اب تک 1.25 کروڑ سے زائد مکانات کی منظوری دی ہے، جن میں ایک کروڑ سے زائد مکانات تعمیر کرکے مستحقین کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ حکومت نے شہری غریب خاندانوں کو سستے اور پکے مکانات فراہم کرنے کے لیے اسکیم کے دوسرے مرحلے، پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے نفاذ میں بھی تیزی لائی ہے۔
وزارتِ ہاو¿سنگ اور شہری امور کے مطابق، 6 اگست کو یہاں سنکلپ بھون میں سکریٹری ستیندر سنگھ کی صدارت میں پی ایم اے وائی-یو 2.0 کی مرکزی منظوری اور نگرانی کمیٹی (سی ایس ایم سی) کی آٹھویں میٹنگ ہوئی۔ اس میں مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 2.09 لاکھ سے زائد مکانات کی منظوری دی گئی۔
یہ مکانات معاشی طور پر کمزور طبقے (ای ڈبلیو ایس) کے خاندانوں کے لیے آندھرا پردیش، اروناچل پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، منی پور، اوڈیشہ، راجستھان، تمل ناڈو، تلنگانہ، اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں منظور کیے گئے ہیں۔
نئی منظوریوں کے بعد پی ایم اے وائی-یو 2.0 کے تحت منظور شدہ مکانات کی مجموعی تعداد 18.38 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں 14.40 لاکھ مکانات بی ایل سی، 2.48 لاکھ اے ایچ پی، 1.36 لاکھ مکانات سود سبسڈی اسکیم (آئی ایس ایس) اور 13,046 سستے کرایے کے مکانات (اے آر ایچ) کے تحت شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ