
جموں، 10 اگست (ہ س)۔
جموں و کشمیر حکومت نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور سیاحت کے فروغ کیلئے ڈوڈہ ضلع کے بھدرواہ میں واقع تاریخی رتن گڑھ قلعہ کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے 10 کروڑ روپے منظور کئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت قلعہ کے تاریخی و تعمیراتی ڈھانچے کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور سیاحوں کیلئے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ قلعہ کی بحالی سے اسے چناب وادی کے اہم تاریخی و سیاحتی مراکز میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔
رتن گڑھ قلعہ بھدرواہ کے قدیم تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس کی بحالی سے نہ صرف علاقے کے تاریخی ورثے کا تحفظ ہوگا بلکہ بھدرواہ میں سیاحوں کی آمد میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس سے مقامی سطح پر روزگار اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں تاریخی عمارتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے متعدد منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں، جنہیں سیاحت کے فروغ سے جوڑنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر