
ڈھاکہ، 9 اگست (ہ س)۔
بنگلہ دیش میں بھارت کے ہائی کمشنر دنیش ترویدی نے اتوار کو کہا کہ بھارت بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان کا بہت احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کی کئی تقریریں سنی ہیں اور وہ عوام سے جڑے ہوئے رہنما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی بھی عوام سے جڑے ہوئے رہنما ہیں۔
ترویدی نے اتوار کی دوپہر دارالحکومت کے جمنا فیوچر پارک میں واقع بھارتی ویزا درخواست مرکز میں بچوں کے لیے کھیل کے میدان کے افتتاح کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔
بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان اور بھارتی ہائی کمشنر دنیش ترویدی کے درمیان پہلی سرکاری ملاقات آئندہ 10 اگست کو متوقع ہے۔ ڈھاکہ میں بھارت کے ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کے ساتھ یہ ترویدی کی پہلی ملاقات ہوگی۔
اس ملاقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ترویدی نے کہا کہ بھارت بنگلہ دیش کے وزیراعظم کا بہت احترام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماو¿ں کے درمیان بات چیت ہونے پر کئی مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔
بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت سے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر دونوں ممالک کے رہنما آپس میں تبادلہ خیال کرتے ہیں تو کئی معاملات کا حل ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے اور بات چیت کا نتیجہ مثبت ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ