
جموں، 31 اگست (ہ س)۔
جموں کے مختلف مہاجر کیمپوں میں دو سو سے زائد عمارتوں کے بلاکس، تقریباً 5 ہزار فلیٹس، کمیونٹی ہالز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بڑے پیمانے پر مرمت و تزئین کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ جموں و کشمیر حکومت نے ان کاموں کے لیے 82.45 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔اس سلسلے میں جموں و کشمیر ریلیف اینڈ ری ہیبلیٹیشن (مائیگرنٹس) کمشنر اروند کاروانی کی زیر صدارت جگتی ٹاؤن شپ، مٹھی، پرکھو اور مشری والا مہاجر کیمپوں میں بنیادی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ منعقد ہوئی۔
میٹنگ میں محکمہ تعمرات عامہ کے افسران نے بتایا کہ 200 سے زائد بلڈنگ بلاکس، تقریباً 5 ہزار فلیٹس، کمیونٹی ہالز اور دیگر کیمپ انفراسٹرکچر کی مرمت و تزئین کا کام جلد شروع کیا جائے گا اور ٹینڈر کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔
اس کے علاوہ کیمپوں کے اندرونی راستوں اور گلیوں، پارکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی ترقی کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ مہاجر اسکولوں، صحت مراکز اور جگتی سب ڈسٹرکٹ اسپتال کی تزئین و آرائش بھی مجوزہ منصوبے میں شامل ہے۔کمشنر نے کیمپوں میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پانی کی قلت کی صورت میں واٹر ٹینکروں کے ذریعے اضافی پانی فراہم کرنے اور پینے کے پانی کے معیار کی باقاعدگی سے جانچ کرنے پر بھی زور دیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ نگروٹہ، مٹھی-بوٹا نگر اور پرکھو مہاجر کیمپوں کے لیے 11.5 کروڑ روپے کی لاگت سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے منصوبوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان پر کام جلد شروع ہوگا۔حکام کے مطابق مہاجر راشن کارڈز کو ڈیجیٹلائز کرکے قومی ڈیٹا بیس سے منسلک کیے جانے کے بعد تقریباً 2,600 خاندانوں نے مختلف سماجی بہبود کی اسکیموں سے فائدہ اٹھایا ہے۔
میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے سے جموں کے مختلف علاقوں میں آگاہی کیمپ منعقد کیے جائیں گے، تاکہ لوگوں کو فلاحی اسکیموں، خود روزگار اور دیگر سہولیات کے لیے درخواستیں جمع کرانے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جا سکے۔ حکام کو اہل مستحقین تک پہنچنے کے لیے گھر گھر مہم چلانے اور آن لائن درخواستیں جمع کرانے میں مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر