
علی گڑھ, 31 اگست (ہ س)۔
مادرِ علمی سے اظہارِ تشکر اور وابستگی کے ایک قابل تحسین جذبے کے تحت علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کی سابق ڈین پروفیسر قمر اختر کاظمی (سبکدوش) نے یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں خصوصی وارڈز کی تعمیر کے لیے مزید 16 لاکھ روپے عطیہ کیے ہیں۔
اس عطیہ کے ساتھ پروفیسر کاظمی کی جانب سے دی جانے والی مجموعی عطیہ کی رقم 47 لاکھ روپے ہوگئی ہے، جو جے این میڈیکل کالج میں 4 خصوصی وارڈز کی تعمیر کے لیے مختص ہے۔ یونیورسٹی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی پروفیسر کاظمی کا یہ عطیہ اس ادارے کے تئیں ان کی محبت و احسان مندی کا اظہار ہے۔ ان کا یہ جذبہ اس امر کی بہترین مثال ہے کہ سابق طلبہ اپنی مادرِ علمی کی معاونت اور معاشرے کے لیے اس کی خدمات کو آگے بڑھانے میں کس طرح مؤثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس عطیہ کو سراہتے ہوئے کہا ‘‘پروفیسر کاظمی کا یہ عطیہ انسانیت، تشکر اور مادرِ علمی کے تئیں احساسِ ذمہ داری کی ایک روشن مثال ہے اور جے این میڈیکل کالج میں طبی خدمات پر اس کے دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔’’
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ