
جین زی کو راغب کرنے کی حکمت عملی پر بی جے پی کا اہم اجلاس، نوجوان رہنماوں سے سمجھے گی ملک کا مزاج
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اب ملک کی نئی نوجوان نسل یعنی جین زی کے درمیان اپنی گرفت مضبوط کرنے کی حکمت عملی پر زور دے رہی ہے۔ نوجوانوں کی بدلتی سوچ، ان کی ترجیحات اور موجودہ چیلنجز کو سمجھنے کے لیے پارٹی نے اپنے منتخب نوجوان رہنماوں کا ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے۔ یہ میٹنگ بی جے پی صدر نتن نوین کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے۔
اجلاس ہفتہ کی صبح 11 بجے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں ہوگا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس میں ملک بھر سے تقریباً 45 رہنماوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ہر ریاست سے دو سے تین رہنماوں کو میٹنگ میں شامل کیے جانے کی اطلاع ہے۔ اجلاس میں جین زی اور نوجوان نسل کے بدلتے مزاج، ان کی ترجیحات اور ان کے سامنے موجود چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کا امکان ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس بات پر بھی غور و خوض کیا جائے گا کہ نوجوانوں سے وابستہ مسائل کو سیاسی اور تنظیمی سطح پر کس طرح بہتر انداز میں سمجھا اور حل کیا جائے۔ پارٹی قیادت کی توجہ نوجوانوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے اور ان کی امنگوں کو براہ راست سمجھنے پر مرکوز رہنے کی امید ہے۔
اس میٹنگ میں موجودہ مرکزی وزراء، موجودہ و سابق اراکین پارلیمنٹ، سابق وزراء، اراکین اسمبلی اور مختلف ریاستوں میں وزارت کے عہدوں پر فائز رہنماوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ بی جے پی قیادت مختلف ریاستوں، علاقوں اور سیاسی تجربہ رکھنے والے نوجوان رہنماوں سے براہ راست بات چیت کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کی سوچ اور توقعات کو سمجھنا چاہتی ہے۔
اجلاس میں نوجوانوں سے متعلق اہم مسائل پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ ان میں روزگار، تعلیم، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلیاں اور بدلتی سماجی و معاشی ترجیحات اہم موضوعات ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پارٹی نوجوانوں تک اپنی پالیسیوں اور پروگراموں کی رسائی کو مزید موثر بنانے اور نوجوان ووٹروں کے ساتھ رابطے کے نئے طریقوں پر بھی غور کر سکتی ہے۔
بی جے پی کی یہ میٹنگ ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملکی سیاست میں نوجوان ووٹروں کا کردار مسلسل اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ پارٹی کی یہ پہل جین زی اور نوجوان ووٹروں کے درمیان اپنی رسائی مستحکم کرنے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ آنے والے وقت میں اس میٹنگ سے سامنے آنے والی تجاویز کو پارٹی کی تنظیمی اور سیاسی حکمت عملی میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن