
نئی دہلی، 28 اگست(ہ س)۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی اور آس پاس کے شہروں میں پیاز کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مہاراشٹر کے ناسک سے تقریبا 453.65 ٹن پیاز لے کر پہلی 'کاندا ایکسپریس' جمعہ کو دہلی پہنچی۔ یہ پیاز صارفین کو 35 روپے فی کلو کی شرح سے دستیاب ہوں گی۔
صارفین کے امور کی سکریٹری ندھی کھرے نے جمعہ کو بتایا کہ پہلی 'کاندا ایکسپریس' 21 ویگنوں میں 453.65 ٹن پیاز لے کر آج صبح نئی دہلی پہنچ گئی ہے۔ نیشنل کوآپریٹو کنزیومرز فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این سی سی ایف) کی پیاز والی موبائل وین آج سے شروع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیاز دہلی-این سی آر میں 35 روپے فی کلو کے رعایتی نرخ پر فروخت کی جائے گی۔ اس کا کچھ حصہ قریبی شہروں جیسے چندی گڑھ، لدھیانہ اور جموں کو بھی بھیجا جائے گا۔
کھرے نے بتایا کہ چنئی جانے والی 'کاندا ایکسپریس' کے ریک کو جمعہ کو لوڈ کیا جائے گا جس کے بعد تین دیگر مقامات مدورائی، ایرناکولم اور گوہاٹی کے لیے بیک ٹو بیک ریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بفر اسٹاک کے جاری ہونے سے ایک ہفتے کے اندر دہلی میں پیاز کی خوردہ قیمتیں کم ہونے کی امید ہے۔
دارالحکومت نئی دہلی میں جمعرات کو پیاز کی خوردہ قیمتیں 88 فیصد بڑھ کر 62 روپے فی کلو ہو گئیں، جو ایک سال قبل 33 روپے فی کلو تھیں۔ اس دن کل ہند اوسط خوردہ قیمت 46.58روپے فی کلو تھی، جبکہ تھوک قیمت38.29 روپے فی کلو تھی۔مرکزی حکومت کے پاس اس وقت پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے تحت بفر اسٹاک کے طور پر تقریبا 1.21 لاکھ ٹن پیاز موجود ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی