
ہگلی، 28 اگست ( ہ س)۔ ہگلی کے دھنیکھالی تھانہ علاقے کے تحت سومس پور دلی پاڑہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی لاشیں ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کی بیٹی شامل ہیں۔ تینوں گھر کے اندر پھندے سے لٹکے ملے۔
جمعہ کو پولیس نے تینوں کی لاشیں ایک بند کمرے سے برآمد کیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیں۔ جائے وقوعہ کی تفتیش کے دوران پولیس کو گھر کی سبز دیوار پر لکھا ہوا پیغام نظر آیا۔ اس میں لکھا تھا، ”ہماری موت کے لئے ذمہ دار رابندر ناتھ“ پولیس اب یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ رابندر ناتھ کون ہے اور اس کا خاندان کے تینوں افراد کی موت سے کیا تعلق ہے۔
تین ماہ قبل مکان کرائے پر لیا تھا
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، اتم چائی نامی شخص نے تقریباً تین ماہ قبل دھنیکھالی میں ایک مکان کرائے پر لیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ اس کا تعلق اصل میں ڈانکونی سے ہے۔ وہ اپنی بیوی روپا اور بیٹی انکیتا کے ساتھ وہاں رہ رہا تھا۔
مقامی لوگوں کے مطابق چائی فیملی نے دو منزلہ مکان کی گراو¿نڈ فلور کرائے پر لی تھی۔ خاندان کے افراد مقامی لوگوں کے ساتھ زیادہ بات چیت نہیں کرتے تھے۔ اہل خانہ کا پیشہ بھی رہائشیوں کو معلوم نہیں تھا۔
تینوں کی لاشیں بند کمرے سے ملیں
جمعہ کو جب بند کمرے کو کھولا گیا تو اندر سے تینوں کی لاشیں پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔اس کے بعد پولیس کو دیوار پر لکھا ہوا ایک پیغام ملا جس میںان کی موت کے لئے ”رابندر ناتھ“ نامی شخص کو ان کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہگلی (دیہات) پولیس کے کئی اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے اور جائے وقوعہ کی چھان بین کی۔ پولیس حکام کے مطابق غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ تینوں افراد کی موت کیسے ہوئی۔
اگر یہ خودکشی کا معاملہ ہے تو اس کے پیچھے کیا مقصد تھا، کیا کسی نے انہیں خودکشی کے لیے اکسایا اور دیوار پر لکھے ’رابندر ناتھ‘ کا اس واقعے سے کیا تعلق ہے، ان تمام پہلوو¿ں کی چھان بین کی جارہی ہے۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش کی بنیاد پر کیس میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد