
نئی دہلی، 28 اگست (ہ س)۔
شمال مغربی خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباو کے علاقے کے باعث مشرقی، شمال مشرقی اور مغربی ساحلی ریاستوں میں انتہائی شدید بارش کے امکانات ہیں۔ وہیں دہلی-این سی آر میں اگلے چند دنوں تک حبس والی گرمی سے راحت ملنے کا امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دارالحکومت میں ہفتہ (29 اگست) کو جزوی طور پر بادل چھائے رہنے کا اندازہ ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ 30 اور 31 اگست کو بھی موسم کا مزاج ایسا ہی رہے گا۔ ان دنوں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37-35 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27-25 ڈگری سیلسیس کے درمیان درج ہونے کا امکان ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ہلکی بارش کی پیشین گوئی کے باوجود جمعہ کا دن بھی دارالحکومت میں حبس بھرا رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، خلیج بنگال اور اس سے متصل مغربی بنگال-شمالی اڈیشہ کے ساحلوں پر کم دباو کا علاقہ بننے سے مانسون مشرقی حصوں میں مکمل طور پر سرگرم رہے گا۔ اڈیشہ کے کئی حصوں میں 29 اگست سے 3 ستمبر کے دوران شدید بارش کا امکان ہے جبکہ 30 اگست کو بعض علاقوں میں بہت شدید بارش ہو سکتی ہے۔ گنگا کے میدانی علاقوں والے مغربی بنگال، بہار اور جھارکھنڈ میں 31 اگست تک شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 2 ستمبر تک وسیع پیمانے پر بارش اور 30 اگست کو انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ انڈمان و نکوبار جزائر میں 60-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور طوفانی موسم رہنے کا امکان ہے۔
وہیں، مغربی ہندوستان کے کونکن اور گوا میں 3 ستمبر تک بیشتر مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گجرات اور مہاراشٹر کے اندرونی حصوں میں بونداباندی اور ہلکی پھلکی بوچھاریں پڑنے کی امید ہے۔
اگلے ایک ہفتے تک جنوبی جزیرہ نما ہندوستان میں بارش کی سرگرمیوں میں کمی آئے گی۔ تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اندرونی کرناٹک میں موسم نسبتاً خشک رہے گا، تاہم ساحلی کرناٹک اور کیرالہ میں معتدل سے لے کر تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی اترپردیش (21 سینٹی میٹر)، اتراکھنڈ، میگھالیہ، میزورم اور مشرقی مدھیہ پردیش (20-12 سینٹی میٹر)، مشرقی راجستھان، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، سکم، اڈیشہ، جھارکھنڈ، بہار، اترپردیش، اروناچل پردیش اور مغربی مدھیہ پردیش (11-7 سینٹی میٹر) شدید بارش درج کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن