
علی گڑھ, 27 اگست (ہ س)۔
اے ایم یو کے اندرا گاندھی ہال میں یونیورسٹی کے ہالوں میں اقامت پذیر طالبات کی ذہنی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر دفتر کی جانب سے شروع کی گئی ویلنیس سیریز کے تحت ‘‘ٹراما ریلیز ورکشاپ’’ منعقد کی گئی۔
اندرا گاندھی ہال کی پرووسٹ پروفیسر بدر جہاں نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور طالبات میں ذہنی صحت اور نفسیاتی بہبود کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
عرب امریکن یونیورسٹی، فلسطین کے شعبہ ہیلتھ سائنسز و الائیڈ میڈیکل سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ڈبلیو ایم ایف ابوحسن نے بطور ایکسپرٹ شرکت کی۔ سیشن کی نظامت مس فبیہہ احمد نے کی، جو آر سی آئی سے لائسنس یافتہ کلینیکل سائیکولوجسٹ اور جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو کے شعبہ سائیکیاٹری میں کلینیکل سائیکولوجی کی پی ایچ ڈی اسکالر ہیں۔
ورکشاپ میں ٹراما (صدمہ)، اس کی مختلف علامات اور اس کے نفسیاتی و جسمانی اثرات کو سمجھنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ڈیوڈ برسیلی کی ٹراما ریلیز ورزش کی عملی مشق بھی کرائی گئی۔ اس کے بعد ماہرین نے طالبات کے سوالات اور خدشات کے جواب دیے۔
پروفیسر بدر جہاں نے اندرا گاندھی ہال کے مینٹل ویلنیس کلب کا بھی افتتاح کیا اور اقامت پذیر طالبات کو اس کی سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ترغیب دی۔ شرکاء کو جذباتی یا نفسیاتی پریشانی کے دوران نفسیاتی مدد حاصل کرنے کے لیے دستیاب ذرائع اور سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پروفیسر جہاں نے ریسورس پرسنز کی سہولت فراہم کرنے کے لئے شعبہ نفسیات کے چیئرپرسن پروفیسر شاہ عالم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ