
نئی دہلی، 26 اگست (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے تین رکنی وفد نے ایم پی رامویر سنگھ بیدھوڑی کی قیادت میں بدھ کو سنٹرل دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس روہت راجبیر سنگھ سے ملاقات کی اور بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کے بارے میں کانگریس کے سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی مبینہ جھوٹی اور گمراہ کن پوسٹ کے بارے میں شکایتی خط پیش کیا۔
دہلی بی جے پی کے جنرل سکریٹری وشنو متل اور ایڈوکیٹ سنکیت گپتا بھی وفد میں شامل تھے۔
شکایت میں نتن نوین کے جنوبی ہندوستان کے دورے کے دوران شرون کے مہینے میں نان ویج کھانا کھانے سے متعلق سوشل میڈیا پر مبینہ گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف تحقیقات اور کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رامویر سنگھ بیدھوڑی نے الزام لگایا کہ کانگریس، سماج وادی پارٹی اور عام آدمی پارٹی جیسی اپوزیشن پارٹیاں سیاسی طور پر بی جے پی کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہیں، اس لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور انفلیوئنسرز کے ذریعے بی جے پی اور اس کے لیڈروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
بیدھوڑی نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی بھی پروپیگنڈہ کامیاب نہیں ہوگا۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد