
نئی دہلی، 24 اگست( ہ س )۔
پیر کے روز تھوڑی دیر ہونے والی بارش میں پوری دہلی میں جگہ جگہ شدید پانی جمع ہونے پر عام آدمی پارٹی نے بی جے پی حکومت پر سخت حملہ بولا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے صدر بازار، کمالا نگر، کناٹ پلیس، ذخیرہ انڈر پاس سمیت دہلی کے مختلف علاقوں میں جمع پانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ چار انجن والی حکومت کہاں ہے؟ سڑکوں اور گلیوں میں شدید پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بی جے پی کی چار انجن والی حکومت اس سال بھی دہلی کوپانی جمع ہونے سے نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ آخر یہ حکومت دہلی کو پانی جمع ہونے سے کب آزادی دلائے گی؟ آپ کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے صدر بازار میں جمع پانی کی ویڈیو ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منظر دہلی کے سب سے مشہور تجارتی مرکز صدر بازار کا ہے۔ دکانوں میں پانی بھر گیا ہے، سامان برباد ہورہا ہے اور دکاندار پوری طرح بے بس ہیں۔ جب سے یہ چار انجن والی حکومت بنی ہے، پوری دہلی شدید پانی جمع ہونے کے مسئلے سے دوچار ہے۔ نالوں کی صفائی کے بڑے بڑے دعووں کی پوری طرح قلعی کھل گئی ہے۔ انتظامیہ آخر اپنی نیند سے کب جاگے گی؟ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بچوں کے لیے مفت واٹر پارک کا انتظام کرنے کے لیے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور بی جے پی حکومت کا بہت بہت شکریہ۔ دوسری جانب عام آدمی پارٹی کی سینئر رہنما اور دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف آتشی نے دہلی میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے پر بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے ایکس پر کہا کہ دہلی کی سڑکوں پر جمع پانی کے ذریعے بچوں کے لیے مفت سوئمنگ پول کا انتظام کروانے کے لیے وہ ریکھا گپتا جی کا شکریہ ادا کرتی ہیں۔ وہیں آپ کے سینئر رہنما اور ایم سی ڈی میں قائد حزب اختلاف انکش نارنگ نے کہا کہ ملک کی راجدھانی دہلی میں تھوڑی دیر کی بارش نے ہی بی جے پی حکومت اور بی جے پی کے زیر اقتدار ایم سی ڈی کے صفائی اورپانی جمع ہونے سے نمٹنے کے تمام دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ عام علاقوں سے لے کر وی وی آئی پی علاقوں تک سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ آخر بی جے پی کی چار انجن والی حکومت دہلی کوپانی جمع ہونے اور بدحال صفائی کے نظام سے کب آزادی دلائے گی؟ عوام کو تقریر نہیں، حل چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais