
چنئی، 24 اگست (ہ س)۔ تمل ناڈو میں مستحق خاندانوں کو سال میں تین مفت گھریلو گیس سلنڈر فراہم کرنے کی اسکیم 2027 میں پونگل کے تہوار سے شروع کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ وجے نے پیر کو اسمبلی میں اس کا اعلان کیا۔ اس اسکیم کے تحت اہل گھریلو خواتین کو ہر سال تین ایل پی جی سلنڈر مفت فراہم کیے جائیں گے۔
تمل ناڈو اسمبلی میں مختلف محکموں کی گرانٹ سے متعلق مطالبات پر بحث 17 اگست سے جاری ہے۔ دو روز کی تعطیل کے بعد پیر کی صبح ساڑھے 9 بجے اسمبلی کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ وجے نے اسمبلی کے ضابطہ 110 کے تحت مفت ایل پی جی سلنڈر اسکیم کا اعلان کیا۔حکومت نے اس اسکیم کو ’انّ پورنی سپر 6‘ کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے ہر سال تقریباً 4 ہزار کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق، اس اسکیم سے ریاست کے 1 کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار 104 خاندان مستفید ہوں گے۔
اس اسکیم کے دائرے میں سالانہ 2.5 لاکھ روپے تک آمدنی والے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے علاوہ چھوٹے اور معمولی کسانوں کے خاندان اور معذور افراد کے خاندان بھی شامل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ وجے نے بتایا کہ مستفیدین کو پہلے مقررہ طریقہ کار کے مطابق گیس سلنڈر بک کرانا ہوگا اور اسے حاصل کرنا ہوگا۔ اس کے بعد تیل کمپنیوں سے مستفیدین کی فہرست حاصل کی جائے گی اور متعلقہ سلنڈر کی قیمت براہ راست مستحق افراد کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسکیم کو نافذ کرنے کے لیے ضروری تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کے مطابق اس اقدام سے معاشی طور پر کمزور خاندانوں پر گھریلو گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ مفت گھریلو گیس سلنڈر فراہم کرنا تملگا ویتری کڑگم (ٹی وی کے) کے اہم انتخابی وعدوں میں شامل تھا۔ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے اعلان کے بعد پارٹی کارکنوں اور ممکنہ مستفید خاندانوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan