
نئی دہلی، 24 اگست (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے لکھنو زونل آفس نے فرضی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) حاصل کرنے اور اسے مزید ٹرانسفر کرنے کے سلسلے میں پیر کے روز اتر پردیش کے مظفر نگر، غازی آباد اور ہریانہ کے فرید آباد میں نو مقامات پر تلاشی لی۔ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت کی گئی۔
ای ڈی کے مطابق یہ معاملہ میسرز جمبودیپ ایکسپورٹس اینڈ امپورٹس لمیٹڈ سے متعلق ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ فرضی آئی ٹی سی مبینہ طور پر پیسے کی اصل نقل و حرکت کے بغیر جعلی رسیدیں اور ای وے بل بنا کر تیار اور منتقل کیے گئے تھے۔
تحقیقات میں بڑے پیمانے پر مبینہ سرکلر لین دین، فنڈز کی تیزی سے کئی سطحوں اور متعدد فرضی یا غیر موجود اداروں کے ذریعے نقد رقم نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ای ڈی کے مطابق، جی ایس ٹی حکام کی تحقیقات سے 9.63 کروڑ روپے کے فرضی آئی ٹی سی کا فائدہ اٹھانے اور 10.28 کروڑ روپے کے آئی ٹی سی کو مزید منتقل کرنے کی دھوکہ دہی ثابت ہوئی ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ مبینہ دھوکہ دہی کی وجہ سے سرکاری محصولات کا غلط نقصان ہوا۔ یہ نقصان پی ایم ایل اے کے تحت 'پروسیڈس آف کرائم' جرم کی آمدنی کے زمرے میں آتا ہے۔
ای ڈی کی تلاشی کا مقصد مبینہ جرم کی آمدنی کا پتہ لگانا، اس نیٹ ورک سے فائدہ اٹھانے والے دیگر افراد کی شناخت کرنا اور جعلی آئی ٹی سی نیٹ ورک سے متعلق دستاویزی اور ڈیجیٹل ثبوت جمع کرنا ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران سامنے آنے والی معلومات اور برآمد شدہ شواہد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی